Bharat Express

کبھی بھی گرسکتی ہے این ڈی اے حکومت… کانگریس صدر ملیکا ارجن کھڑگے نے بی جے پی کودی وارننگ

کانگریس صدر ملیکا ارجن کھڑگے نے این ڈی اے حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے مودی کی اقلیت والی حکومت کو منتخب کیا ہے اور یہ الائنس کی حکومت کبھی بھی گرسکتی ہے، جس کے بعد جنتا دل یونائیٹیڈ کے لیڈرکے سی تیاگی نے ملیکا ارجن کھڑگے کی بیان کی مذمت کرتے ہوئے بدامنی کا ماحول بنانے کی کوشش کا الزام لگایا۔

کانگریس صدر ملیکا ارجن کھڑگے۔ (فائل فوٹو)

ملک میں 292 سیٹوں کے ساتھ این ڈی اے کی حکومت بنی ہے اورنریندر مودی نے تیسری بارملک کے وزیر اعظم کے طورپرحلف لے چکے ہیں، جس کے بعد اب کانگریس صدرملیکا ارجن کھڑگے نے ہفتہ کے روزدعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت غلطی سے بنی تھی اور یہ جلد ہی گرجائے گی۔

این ڈی اے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے ملیکا ارجن کھڑگے نے کہا کہ عوام نے اقلیت والی حکومت کو منتخب کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام نے مودی کی اقلیت حکومت کو منتخب کیا ہے اور یہ مخلوط حکومت کسی بھی وقت گرسکتی ہے۔ حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں، بی جے پی 240 سیٹیں جیت کرسب سے بڑی پارٹی بن کرابھری، لیکن اکثریت کے لئے 272 سیٹیں حاصل نہیں کرسکی، جس کے بعد بی جے پی کو اکثریت کا ہندسہ عبورکرنے کے لئے حمایت کی ضرورت تھی اوراس نے اپنے اتحادیوں این چندرابابونائیڈو، نتیش کمار، چراغ پاسوان اورایکناتھ شندے کے ساتھ مل کرحکومت بنائی۔

کے سی تیاگی کا بڑا بیان آیا سامنے

نریندرمودی کے سیاسی کیریئرمیں یہ پہلا موقع ہے، جب وہ مخلوط حکومت کی قیادت کررہے ہیں۔ دریں اثناء جنتا دل (یونائیٹیڈ) کے سینئرلیڈرکے سی تیاگی نے ملیکا ارجن کھڑگے پرانتشارکا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ کے سی تیاگی نے کہا، ’’ملیکا ارجن کھڑگے قابل اعتراض بیان دے کرانتشاراورعدم اعتماد کا ماحول پیدا کررہے ہیں، میں اس کی مذمت کرتا ہوں‘‘۔ اس سے پہلے بھی جب انتخابی نتائج سامنے آئے تھے اور انڈیا الائنس نتیش کمارکی حمایت کا مطالبہ کررہا تھا، اس وقت بھی کے سی تیاگی نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ نتیش کمارانڈیا الائنس کے ساتھ نہیں جائیں گے اوراین ڈی اے اتحاد کی حمایت نہیں کریں گے۔ صرف حمایت کریں گے۔

انڈیا الائنس کی بہترین کارکردگی

 اس بارکانگریس پارٹی نے 2019 کے لوک سبھا الیکشن کے مقابلے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 2019 میں، کانگریس نے 52 سیٹیں جیتی تھیں جبکہ اس بار2024 کے لوک سبھا انتخابات میں، کانگریس پارٹی نے 99 لوک سبھا سیٹیں جیتی تھیں۔ جبکہ انڈیا الائنس نے 234 لوک سبھا سیٹیں جیتی ہیں۔ انڈیا الائنس حکومت بنانے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے، لیکن اس کی پوزیشن کافی مضبوط ہوئی ہے۔

Also Read