Bharat Express

Gaza-Israel War: ایمرجنسی سپروائزر کے مطابق الشفاء اسپتال سے جبری انخلا شروع، خان یونس میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہو ئی

وسطی غزہ پٹی کے دیر البلاح میں ایک مکان پر اسرائیلی فضائی حملے میں چھ فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

ایمرجنسی سپروائزر کے مطابق الشفاءاسپتال سے جبری انخلاء شروع

اسرائیلی فورسز نے الشفاء اسپتال میں ڈاکٹروں، مریضوں اور بے گھر افراد سمیت ہر ایک کو میڈیکل کمپاؤنڈ سے نکلنے کے لیے ایک گھنٹے کا وقت دیا تھا، جس کے بعد الشفاءاسپتال سے جبری انخلاء شروع ہو گیا ہے۔عمر زقوت نے کہا ہے کہ انہیں اور دیگر کو اسرائیلی فورسز نے اسپتال چھوڑنے پر مجبور کیا ہے، اور اس سہولت کے باہر کے مناظر “خوفناک” تھے۔ انہوں نے کہا،”ہمیں الوہدہ روڈ سے نکلنے کو کہا گیا۔ درجنوں لاشیں سڑک پر بکھری پڑی ہیں۔”  انہوں نے الجزیرہ کو بتایا، “بہت سے بے گھر لوگ جو چل نہیں سکتے انہیں کھلے میں چھوڑ دیا جا رہا ہے۔” زقوت نے کہا کہ الشفاء میں پانی کی فراہمی ایک ہفتے سے زائد عرصے سے بند ہے۔ انہوں نے کہا، “بجلی بند ہوئے تین ہفتے سے زیادہ ہو چکے ہیں۔ شیر خوار اور نوزائیدہ بچے آکسیجن کے بغیر رہ رہے ہیں۔ یہ قرون وسطیٰ کے غار کے سوا کچھ نہیں ہے۔”

الشفاءسے ایک گھنٹے کے اندر سب کو نکالنا ناممکن : ڈاکٹر

الجزیرہ نے الشفاء اسپتال کے اندر ایک ڈاکٹر سے بات کی، جس نے اسے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے الشفاء اسپتال میں موجود ہر شخص کو الرشید گلی سے نکالنے کے لیے صرف ایک گھنٹہ کا وقت  دیا ہے، جسے “سی اسٹریٹ” کہا جاتا ہے۔ یہ وہ عام گلی یا راستہ نہیں ہے جو جنوب کی طرف نکلنے والے لوگوں کو اختیار کرنا چاہیے، وہ عام طور پر صلاح الدین روڈ پر جاتے ہیں، لیکن انہیں ایک گھنٹے میں وہاں سے نکلنے کو کہا گیا۔ ڈاکٹر یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ان تمام لوگوں کو ایک گھنٹے میں نکالنا ناممکن ہے، خاص طور پر چونکہ ان کے پاس مریضوں اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو جنوب میں منتقل کرنے کے لیے کوئی ایمبولینس نہیں ہے۔

خان یونس میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہو ئی

خان یونس کے دو علاقوں میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں مجموعی طور پر 28 افراد ہلاک ہوئے ہیں، تاہم درجنوں زخمی ہوئے ہیں اور درجنوں اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، خاص طور پر حماد کے رہائشی محلے میں۔دوسری جانب ایک طبی ذریعے نے الجزیرہ کو بتایا ہے کہ شمالی غزہ کے انڈونیشین ہاسپیٹل میں صبح سے اب تک 63 فلسطینیوں کی لاشیں پہنچی ہیں۔ جبکہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ وسطی غزہ پٹی کے دیر البلاح میں ایک مکان پر اسرائیلی فضائی حملے میں چھ فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔