
(تصویر: اے پی)
نومبر میں اسرائیل اور حزب اللہ کی جنگ کو ختم کرنے والی جنگ بندی کے بعد آج پہلی مرتبہ پھر اسرئیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملہ کرتے ہوئے ایک طرح سے جنگ بندی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ بیروت میں موجود ایسوسی ایٹڈ پریس کے نامہ نگاروں نے بتایا ہے کہ انھوں نے دھماکے کی تیز آواز سنی اور متاثرہ علاقے سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا ہے۔ واضح رہے کہ حملے سے پہلے اسرائیلی فوج نے فوری طور پر لوگوں کو بیروت کے کچھ مضافاتی علاقوں کو خالی کرنے کے لیے کہا تھا۔ اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ وہ لبنان کی جانب سے شمالی اسرائیل میں کیے گئے حملوں پر جوابی کارروائی شروع کر رہا ہے۔
اسرائیل کے وزیر دفاع نے جمعہ کو کہا کہ اگر اسرائیل کی شمالی برادریوں میں امن نہیں رہے گا تو بیروت میں بھی امن قائم نہیں رہنے دیں گے۔ دریں اثنا حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے کی تردید کی اور اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ لبنان پر حملہ جاری رکھنے کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔ لبنان کی حکومت نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے حدث میں تمام اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو دن کے لیے بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے بعد پہلا حملہ
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 27 نومبر 2024 کو جنگ بندی کے بعد بیروت پر یہ پہلا حملہ تھا۔ حالاں کہ اسرائیل اس دوران جنوبی لبنان کو لگاتار نشانہ بناتا رہا ہے۔ اسرائیل-حزب اللہ تنازعہ گزشتہ برس ستمبر میں شدت اختیار کر گیا تھا جب اسرائیل نے اپنے فضائی حملوں میں شدت لاتے ہوئے حزب اللہ کے کئی بڑے رہنماؤں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس لڑائی میں لبنان میں 4000 سے زیادہ لوگ مارے گئے اور تقریباً 60,000 اسرائیلی بے گھر ہوئے۔
پھر نومبر میں جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی افواج کو جنوری کے آخر تک تمام لبنانی علاقوں سے انخلا کرنا تھا۔ اس تاریخ میں 18 فروری تک توسیع بھی کی گئی۔ لیکن اسرائیل لبنان میں شمالی اسرائیل کی کمیونٹیز کے پانچ علاقوں میں اب بھی موجود ہے۔ دریں اثنا اسرائیل نے جنوبی اور مشرقی لبنان پر درجنوں فضائی حملے کیے ہیں اور کہا ہے کہ اس نے حزب اللہ پر حملہ کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے لبنان میں کئی مقامات پر اسرائیلی فضائی حملوں میں چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ وہیں لبنان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر جینین ہینس پلاسچارٹ نے کہا کہ فائرنگ کا تبادلہ انتہائی تشویشناک ہے۔ ’’یہ لبنان کے لیے ایک نازک دور ہے۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔