
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مستقبل میں وزیر اعظم بننے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ان کے لیے کل وقتی کام نہیں ہے اور وہ ’’دل سے یوگی‘‘ ہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے ساتھ ایک انٹرویو میں آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ان کا بنیادی کام اتر پردیش کے لوگوں کی خدمت کرنا ہے، جو کہ پارٹی نے انھیں سونپا ہے۔ انھوں نے کہا ’’میں اتر پردیش کا وزیر اعلیٰ ہوں اور پارٹی نے مجھے ریاست کے لوگوں کی خدمت کے لیے یہاں رکھا ہے۔‘‘
ایک ممکنہ وزیر اعظم کے طور پر اپنے لیے بڑھتی ہوئی حمایت کے بارے میں پوچھے جانے پر آدتیہ ناتھ نے کہا ’’سیاست میرے لیے کل وقتی کام نہیں ہے۔ آخر کار میں دل سے یوگی ہوں۔‘‘ اس سوال پر کہ وہ کب تک سیاست میں بنے رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں، یوگی نے کہا ’’اس کے لیے بھی ایک ٹائم فریم ہوگا۔‘‘
مذہب اور سیاست کو محدود نہیں کرنا چاہیے: یوگی
مذہب اور سیاست کے ملاپ پر اپنے نقطۂ نظر کی وضاحت کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا ’’ہم مذہب کو ایک خاص جگہ تک محدود کر دیتے ہیں اور سیاسیت کو کچھ مٹھی بھر لوگوں تک محدود کردیتے ہیں۔ یہیں سے سارا مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔ اگر سیاست خود غرضی کے لیے ہوگی ، تو وہ مسائل پیدا کرے گی، لیکن اگر یہ زیادہ بھلائی کے لیے ہو، تو حل فراہم کرے گی۔ ہمیں مسئلے کا حصہ بننے یا حل میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے، اور میرا ماننا ہے کہ مذہب بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے۔ جب مذہب کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، تو یہ نئے چیلنجز پیدا کرتا ہے۔ تاہم جب کوئی اپنے آپ کو کسی اعلیٰ مقصد کے لیے وقف کرتا ہے، تو یہ ترقی کی نئی راہیں کھولتا ہے۔‘‘
آدتیہ ناتھ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستانی روایت مذہب کو مفاد کے ساتھ نہیں جوڑتی ہے۔ انھوں نے کہا ’’ہندوستانی فلسفیانہ فکر نے کبھی بھی مذہب کو خود غرضانہ مقاصد سے نہیں جوڑا۔ اس کے مقاصد دو ہی رہے ہیں: دنیاوی زندگی میں ترقی کی راہ ہموار کرنا اور روحانی آزادی حاصل کرنا۔ دونوں ہی آخر کار خدمت کے مقصد کو پورا کرتے ہیں۔ خدمت کے اس جذبے کو آگے بڑھانے کے لیے سیاست محض ایک پلیٹ فارم ہے۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔