تصویر: پی ٹی آئی
سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان رام نومی کی تقریبات کو لے کر مغربی بنگال میں سیاسی تناؤ جاری ہے۔ کئی علاقوں میں ہتھیاروں کی کھلے عام نمائش نے حالات میں کشیدگی پیدا کر دی ہے اور حکمراں ٹی ایم سی اور بی جے پی کے درمیان زبانی جنگ چھڑ گئی ہے۔ صرف کولکاتا میں ہی 70 سے زیادہ ریلیوں کا منصوبہ بنایا گیا تھا، جس میں تقریباً 4,000 سے 5,000 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ صورت حال پر نظر رکھنے کے لیے ڈرونز اور سی سی ٹی وی نگرانی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا ہے۔ حساس علاقوں جیسے اینٹلی، کوسی پور، کھدر پور اور چت پور میں ہنگامی ٹیمیں بھی تعینات تھیں۔
اس دوران رام نومی کے کئی جلوس میں ہتھیاروں کی نمائش کی اطلاع ہے۔ دی نیو انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق مالدہ میں ایک بڑا جلوس رام کرشن پلی میدان سے نکالا گیا، جس میں شرکا کھلے عام تلواریں اور دیگر ہتھیار اٹھائے ہوئے تھے۔ اسی طرح کے مناظر ہاوڑہ کے سنکریل سے رپورٹ ہوئے، جہاں منتظمین کے پاس مبینہ طور پر ہتھیار لے جانے کی سرکاری اجازت نہیں تھی۔ پولیس ذرائع نے تصدیق کی کہ شرائط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش نے کیا ہتھیاروں کا دفاع
دریں اثنا بی جے پی کے سینئر لیڈر دلیپ گھوش نے تقریبات کے دوران مذہبی جلوسوں میں ہتھیاروں کی موجودگی کا دفاع کرتے ہوئے تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔ انھوں نے کہا ’’اگر کوئی ہتھیار لے جائے تو کیا حرج ہے؟‘‘ وہیں بی جے پی کے ریاستی صدر سکانتا مجمدار نے کہا ’’رام نومی کے موقع پر لاکھوں ہندوؤں کے سڑکوں پر آنے کی توقع ہے۔ میں ریاستی حکومت سے اقدامات کرنے کی درخواست کروں گا تاکہ اسے پرامن طریقے سے منایا جا سکے۔ تقریبات کو زبردستی روکنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ رام نومی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، چاہے آپ کچھ بھی کریں۔‘‘ بی جے پی لیڈر شوبیندو ادھیکار نے اپنے اسمبلی حلقہ نندی گرام میں ’’رام مندر‘‘ کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد کہا ’’ٹی ایم سی ہندوؤں سے خوف زدہ ہے اور اسی وجہ سے وہ ریاست کے مختلف حصوں میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
بی جے پی مذہبی موقع کو سیاسی موقع بنا رہی ہے: ٹی ایم سی
دریں اثنا ترنمول کانگریس نے بی جے پی پر مذہبی موقع کو فرقہ وارانہ بنانے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ٹیم ایم سی کے ترجمان کنال گھوش نے کہا ’’بی جے پی رام نومی کو ایک سیاسی تقریب میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وہ مذہب پر سیاست کرنا چاہتے ہیں۔۔۔ بنگال اسے برداشت نہیں کرے گا۔‘‘ واضح رہے کہ اس سال کی رام نومی کی تقریبات کو ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے خلاف تشدد کے حالیہ واقعات اور 2026 کے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے جوڑ کر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


