
وقف ترمیمی بل سے متعلق شیو سینا یوبی ٹی نے اپنا موقف واضح کردیا ہے۔
نئی دہلی: وقف ترمیمی بل پر لوک سبھا میں ادھو ٹھاکرے کی پارٹی نے اپنا رخ واضح کردیا ہے۔ ممبئی جنوب لوک سبھا سیٹ سے شیو سینا یوبی ٹی کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے حکومت کی نیت پر سوال کھڑے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے قول وفعل (کتھنی اور کرنی) میں فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل لانے کے پیچھے حکومت کا مقصد کسی کو انصاف دینا نہیں ہے۔
ملک کی آزادی میں مسلمانوں نے بھی دیں قربانیاں: اروند ساونت
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کا ذکر کرتے ہوئے اروند ساونت نے کہا کہ انہوں نے للکارا کہ کیا شیوسینا یوبی ٹی ہندتوا کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ آپ ہمیں ہندتوا سکھائیں گے؟ ایودھیا اور وارانسی میں آپ کے ووٹ گھٹ گئے۔ یہ مت سمجھنا کہ آپ لوگ جو کچھ کررہے ہو وہ صحیح کر رہے ہو۔ ہم نے رمضان کے دوران دیکھا کہ سوغات مودی چل رہا ہے۔ آج سوغات وقف بل آگیا۔ ہمارے وزیراعظم نے کہا تھا کہ منگل سوتر چھینا جائے گا۔ یوپی کے وزیر اعلیٰ نے کہا تھا بنٹو گے تو کٹوگے۔ کون بانٹنے والا تھا، کون کانٹنے والا تھا؟ ملک کی آزادی کے لئے جنہوں نے کچھ بھی نہیں کیا، ان کی قسمت ہے کہ وہ حکومت چلا رہے ہیں۔ ملک کی آزادی میں مسلمانوں نے بھی اپنی جان نچھاور کی ہیں۔
اگربل میں کچھ غلط ہے تو ہم حمایت نہیں کریں گے: اروند ساونت
رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے کہا کہ اگربل میں کچھ غلط ہے توہم اس کی حمایت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں تو مطالبہ کرتا ہوں کہ جو غلط ہے، اس کو ٹھیک کریں۔ پہلے بورڈ میں الیکشن ہوتا تھا۔ اب آپ نامزدگی لے کرآرہے ہیں۔ نامزدگی کا مطلب یہ ہوا کہ حکومت جس کو چاہے، رکھ لے۔ جو دو لوگ غیرمسلم آپ چاہتے ہو، ہمارے دل میں خدشہ ہے کہ کیا آپ صاف دل سے اسے لائے ہیں؟ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ اطمینان سے سوچ لیں۔ آپ تو غیرمسلم لانا چاہتے ہیں، ہمیں ڈرلگتا ہے کہ کل مندروں کے بورڈ میں غیرہندو کو آپ لائیں گے۔ یاد رکھنا شیوسینا اس کے خلاف کھڑی رہے گی۔
دفعہ 370 پرہم نے آپ کی حمایت کی تھی: شیوسینا یوبی ٹی
ادھو گروپ کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے کہا، “دفعہ 370 پرہم نے آپ کی حمایت کی۔ میں کابینہ میں تھا۔ کتنے ہندو لوگ کشمیرمیں آگئے یہ توبتاؤ۔ کشمیر میں زمین کون خرید رہا ہے یہ بھی بتاؤ۔ ہمیں ہندومندروں اوردیوتاؤں کی ہزاروں ایکڑزمین ہمیں بیچی جا رہی ہے۔ کیا آپ ہندومندروں اوردیوتاؤں کی زمین بیچنے والوں کے خلاف کوئی قانون لائیں گے؟ یہ بھی بتاؤ؟”
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔