
بی جے پی کے سینئر لیڈر شوبھیندو ادھیکاری نے اتوار کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اگر 2026 کے اسمبلی انتخابات کے بعد بھی ٹی ایم سی ریاست میں اپنا اقتدار برقرار رکھتی ہے تو مغربی بنگال میں ہندوؤں کا وجود ختم ہو جائے گا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر اور مرکزی وزیر سکانتا مجمدار نے بھی کہا کہ ہندوؤں کو متحد ہونا ہوگا۔ ان کا یہ تبصرہ جمعرات کو مالدہ ضلع کے موتھا باڑی علاقے میں فرقہ وارانہ تصادم کے پس منظر میں آیا ہے۔
اپنے حلقہ انتخاب نندی گرام میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ادھیکاری نے الزام لگایا کہ ممتا بنرجی حکومت ’’جہادی‘‘ عناصر کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ادھیکاری نے کہا ’’بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد ان تمام جہادی عناصر جو موتھا باڑی اور اس سے قبل مرشد آباد کے بیلڈنگا، ہاوڑہ کے شیام پور میں ہندوؤں پر اس طرح کے حملوں کے پیچھے تھے، انھیں پکڑا جائے گا اور سزا دی جائے گی۔‘‘
ممتابنرجی کی حکومت باقی رہی تو ہندو اور کم ہو جائیں گے: ادھیکاری
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ٹی ایم سی حکومت کی خوشامد کی سیاست کی وجہ سے مغربی بنگال میں ہندوؤں کا تناسب 85 فیصد سے کم ہو کر 67 فیصد ہو گیا ہے۔ ادھیکاری نے کہا ’’اگر ممتا بنرجی کی حکومت کچھ اور سالوں تک چلتی رہی تو ہندوؤں کا فیصد اور کم ہو جائے گا۔‘‘ انھوں نے زور دیا کہ اونچی اور نچلی ذات کے ہندوؤں کو اپنے اختلافات کو ختم کرنا چاہیے اور اپنی شناخت کو بچانے اور اپنے وجود کی حفاظت کے لیے متحد ہو کر لڑنا چاہیے۔
حال ہی میں باروئی پور میں بی جے پی کی ایک ریلی کے دوران احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے ادھیکاری نے کہا ’’میری گاڑی کو جہادی عناصر نے نقصان پہنچایا تھا لیکن انھیں جلد ہی 2026 میں مناسب جواب ملے گا۔‘‘ مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر سکانتا مجمدار نے مالدہ ضلع میں ایک اور پروگرام میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ادھیکاری کی ہی بات دہرائی۔ریاستی بی جے پی کے سربراہ نے کہا کہ ہندو پرامن طریقے سے اپنی شناخت کے تحفظ کے لیے متحد ہوں گے۔
ٹیم ایم سی نے کہا کہ بی جے پی کے پاس نفرت پھیلانے کے سوا اور کوئی ایجنڈا نہیں
وہیں ٹی ایم سی کے سینئر ایم پی کلیان بنرجی نے ان بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے پاس مذہبی جذبات بھڑکانے اور خوف کی فضا قائم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا ایجنڈا ہے ہی نہیں۔ انھوں نے کہا ’’بی جے پی کو ہمیں ہندو مذہب کے اصول سکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں خود ایک پکّا ہندو ہوں۔ لیکن بی جے پی جو کر رہی ہے وہ غیر منصفانہ ہے۔ وہ انتشار پھیلانا اور لوگوں کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ (اس طرح) ووٹ حاصل کرنے کی ان کی حکمت عملی کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔‘‘ وہیں ٹی ایم سی کے ترجمان جوئے پرکاش مجمدار نے بھی کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ لوگ روزی روٹی اور مہنگائی جیسے مسائل بھول جائیں، اسی لیے ایسے بیانات دیتی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔