Bharat Express

Arvind Kejriwal Bail: اروند کیجریوال کی ضمانت کو عام آدمی پارٹی نے سچائی کی جیت قرار دیا، بی جے پی نے کیا استعفیٰ کا مطالبہ

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کوشراب گھوٹالہ معاملے میں ضمانت مل گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس سوریہ کانت اورجسٹس بھوئیاں کی بینچ نے سی بی آئی معاملے میں یہ ضمانت دی ہے۔

سپریم کورٹ سے ملی اروند کیجریوال کی ضمانت کو عام آدمی پارٹی نے سچائی کی جیت قرار دیا ہے۔

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو سپریم کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس بھوئیاں کی بینچ نے 10 لاکھ روپئے کے بانڈ پرانہیں ضمانت دی ہے۔ اروند کیجریوال کو یہ ضمانت شراب گھوٹالہ معاملہ کے سی بی آئی کیس میں ملی ہے۔

اس سے پہلے انہیں 12 جولائی کو ہی ای ڈی کیس میں ضمانت مل چکی تھی، لیکن سی بی آئی کیس کی وجہ سے وہ جیل سے باہرنہیں آسکے تھے اورانہیں جیل میں ہی رہنا پڑا تھا۔ کیجریوال کی ضمانت کا فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس بھوئیاں نے سخت تبصرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہے کہ سی بی آئی کو پنجرے میں بند طوطے کی شبیہ سے آزاد ہونا چاہئے۔

کیجریوال کی ضمانت پر سیاست گرم

دوسری جانب، اروند کیجریوال کوضمانت ملنے کے بعد سیاست بھی زوروں پر ہے۔ ایک طرف بی جے پی اروند کیجریوال کے وزیراعلیٰ عہدے پر بنے رہنے سے متعلق سوال اٹھا رہی ہے تو وہیں دوسری طرف عام آدمی پارٹی کے لیڈراسے سچ کی جیت بتا رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے تو اسے مودی حکومت کے لئے سخت طمانچہ بتایا ہے۔

عام آدمی پارٹی نے سچائی کی جیت قراردیا

دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’یہ جھوٹ اور سازش کے خلاف سچائی کی جیت ہے۔‘‘ انہوں نے بغیر نام لئے مودی حکومت کو تانا شاہ بھی بتایا ہے۔ وہیں رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سچ کو پریشان کیا جاسکتا ہے، لیکن ہرایا نہیں جاسکتا۔ راگھو چڈھا نے لکھا- ’’آخرکار سپریم کورٹ نے دہلی کے بیٹے اروند کیجریوال کو جیل کی بیڑیوں سے آزاد کرنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔‘‘

دہلی کی وزیرتعلیم آتشی نے بھی ستیہ میو جیتے لکھ کر ایکس پر خوشی کا اظہارکیا ہے۔ وہیں عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اور سابق کرکٹرہربھجن سنگھ نے بھی اروند کیجریوال کوضمانت ملنے پرردعمل کا اظہارکیا ہے۔ ہربھجن سنگھ نے لکھا ہے کہ کیجریوال کی رہائی سے عام آدمی پارٹی کو متحد اور مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی اس سے ہریانہ میں پارٹی کے کارکنان کو مضبوطی ملے گی۔

بی جے پی نے کیا استعفیٰ کا مطالبہ

بی جے پی نے اروند کیجریوال کی ضمانت پر طنزکرتے ہوئے ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال اب جیل والے وزیراعلیٰ سے ضمانت والے وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔ بی جے پی ترجمان گورو بھاٹیہ نے پریس کانفرنس کرکے کہا ہے کہ کیجریوال میں اخلاقیات نہیں بچی ہے۔ عدالت نے انہیں آئینہ دکھا دیا ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے کیجریوال کی گرفتاری کو صحیح ٹھہرایا ہے، لہٰذا انہں عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔

بھارت ایکسپریس