Bharat Express

AICC Session 2025: کانگریس کا قومی کنونشن شروع،پارٹی کی نئی حکمت عملی کا بلیو پرنٹ ہوگا تیار،پرینکا کو مل سکتی ہے بڑی ذمہ داری

کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیرا نے اس بارے میں کہا ہے کہ کانگریس پارٹی انصاف کے راستے پر چلے گی اور عوام کی حمایت حاصل کرے گی۔ جس طرح کانگریس نے آزادی کے لیے سخت محنت کی اسی طرح پارٹی گجرات میں بھی سخت محنت کرے گی۔

گجرات کے احمد آباد میں آج سے سابرمتی ندی کے کنارے کانگریس کا قومی کنونشن شروع ہو رہا ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کا اجلاس آج دو روزہ اجلاس کے پہلے دن ہوگا۔ سی ڈبلیو سی کی اس میٹنگ میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو بڑی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔ کانگریس ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ پارٹی پرینکا گاندھی واڈرا کے لیے زیادہ واضح اور ممکنہ طور پر اعلیٰ کردار پر غور کر رہی ہے۔کانگریس چند ماہ میں چھ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر یہ فیصلہ لینے جا رہی ہے۔ ایک سینئر لیڈر نے کہا ہے کہ پرینکا گاندھی کو نامزد رول دیا جا سکتا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کا سیاسی تجربہ اور عوام سے تعلق پارٹی کے لیے کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔ کانگریس اجلاس میں شرکت کے لیے احمد آباد پہنچنے والے ششی تھرور نے کہا ہے کہ ہم ملک کی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔

کانگریس لیڈر جگنیش میوانی نے کہا ہے کہ راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں چیلنج کیا تھا کہ وہ گجرات میں بی جے پی کو شکست دیں گے۔ یہ مشکل ہے لیکن راہل گاندھی نے اپنے گزشتہ گجرات دورے کے دوران جس طرح سے جارحانہ بیان دیا تھا کہ اچھے لوگوں کو ترقی دی جانی چاہیے اور جو کام نہیں کرتے ہیں انہیں کنارہ  کرنا چاہیے، اس سے پیغام گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں گجرات کانگریس مزید مضبوط ہوگی۔ سی ڈبلیو سی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ ضلعی کمیٹیوں کو مضبوط کرنے کے لیے کوئی تجویز آئے گی یا نہیں لیکن جتنی زیادہ طاقت جمع ہوگی، پارٹی اتنی زیادہ جمہوری ہوگی، اتنا ہی بہتر ہوگی۔

کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت پارٹی صدر و دیگر اراکین احمد آباد پہنچ گئے ہیں اور کنونشن شروع ہوچکا ہے۔ احمد آباد پہنچنے پر تمام  لیڈروں کا کانگریس کے حامیوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ گجرات کانگریس کے کئی سینئر لیڈر اپنے سرکردہ لیڈروں کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر پہنچے تھے۔ سونیا اور راہل گاندھی کا ایئرپورٹ پر قبائلی رقص کے ساتھ روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔

سی ڈبلیو سی کی میٹنگ شروع

احمد آباد میں اس کنونشن کے پہلے حصے کے طور پر سی ڈبلیو سی کی میٹنگ منعقد ہوئی  ہے۔ سی ڈبلیو سی کے آغاز سے پہلے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، سابق صدر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سی ڈبلیو سی سے پہلے سردار پٹیل کی یادگار پر پہنچے اورانہیں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

کنونشن کا پورا شیڈول جانئے

احمد آباد، گجرات میں کانگریس کے دو روزہ پروگرام کے پہلے دن سی ڈبلیو سی کی میٹنگ ہورہی ہے۔ سی ڈبلیو سی کا اجلاس سردار اسمارک شاہی باغ میں شروع ہوچکا ہے۔ کانگریس قائدین کا شام 5 بجے سابرمتی آشرم جانے کا پروگرام ہے۔ کانگریس قائدین سابرمتی آشرم میں ہونے والی دعائیہ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ سابرمتی ندی کے کنارے واقع ریور فرنٹ ایونٹ سینٹر میں شام 7.45 بجے سے ثقافتی پروگرام منعقد ہونے والے ہیں۔ ملیکا سارا بھائی اور دیگر لوک فنکار اس میں پرفارم کریں گے۔

دوسرے دن کاسیشن

احمد آباد میں کانگریس کی میٹنگ کے دوسرے دن اہم  سیشن منعقد ہوگا۔ قومی کنونشن احمد آباد میں سابرمتی ندی کے کنارے 9 اپریل کو صبح 9 بجے شروع ہوگا۔ کانگریس نے اس اجلاس کو نیا راستہ کا نام دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیرا نے اس بارے میں کہا ہے کہ کانگریس پارٹی انصاف کے راستے پر چلے گی اور عوام کی حمایت حاصل کرے گی۔ جس طرح کانگریس نے آزادی کے لیے سخت محنت کی اسی طرح پارٹی گجرات میں بھی سخت محنت کرے گی اور اقتدار میں واپس آئے گی۔ قابل ذکر ہے کہ 64 سال بعد گجرات میں پارٹی کنونشن ہورہا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read