اروند کیجریوال اور بھگونت مان۔ (فائل فوٹو)
Lok Sabha Election 2024: دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی آئندہ 15-10 دنوں میں پنجاب کی سبھی 13 اور چنڈی گڑھ کی ایک لوک سبھا سیٹ پراپنے امیدواروں کا اعلان کردے گی۔ وزیراعلیٰ کے اس بیان سے واضح ہوگیا ہے کہ اب عام آدمی پارٹی اورکانگریس کے درمیان پنجاب میں کوئی الائنس نہیں ہوگا جبکہ دونوں ہی انڈیا الائنس کا حصہ ہیں۔
انڈیا الائنس کے لئے اسے بڑا جھٹکا تسلیم کیا جا رہا ہے۔ کیونکہ پنجاب میں بھی انڈین نیشنل ڈیموکریٹک انکلوسیوالائنس (انڈیا الائنس) ٹوٹ گیا ہے۔ ہندوستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق اروند کیجریوال نے کہا کہ پارٹی آئندہ 15-10 دنوں میں اپنے امیدواروں کا اعلان کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے آپ نے (عوام) ہمیں آشیرواد دیا تھا۔ آپ نے (اسمبلی الیکشن میں) ہمیں 117 میں سے 92 سیٹیں دیں، آپ نے پنجاب میں تاریخ رقم کی۔ میں آپ کے پاس ہاتھ جوڑ کرایک اور آشیرواد مانگنے آیا ہوں۔
AAP will announce candidates for all 13 Lok Sabha seats in Punjab and 1 in Chandigarh in 10-15 days: Arvind Kejriwal
— Press Trust of India (@PTI_News) February 10, 2024
واضح رہے کہ اس سے پہلے عام آدمی پارٹی کے پنجاب کے انچارج اوررکن پارلیمنٹ سندیپ پاٹھک نے باضابطہ طورپرالائنس نہ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ حالانکہ انہوں نے ساتھ ہی کہا تھا کہ دہلی سے متعلق کانگریس اوران کی پارٹی کے درمیان بات چل رہی ہے۔ دہلی میں لوک سبھا کی سات سیٹیں ہیں۔ میڈیا سے بات چیت میں سندیپ پاٹھک نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کی ریاستی یونٹ نے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ الگ الگ الیکشن لڑیں گے۔ پنجاب کے لئے سیٹ شیئرنگ کمیٹی نے طے کیا ہے کہ عام آدمی پارٹی اورکانگریس ساتھ الیکشن نہیں لڑیں گی۔ دہلی کے لئے ابھی بات چیت جاری ہے۔
ہم فائٹر، ہمیں لڑنا ہے الیکشن: عام آدمی پارٹی
واضح رہے کہ اس سے پہلے پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے لیڈران کانگریس کے ساتھ الیکشن لڑنے کی مخالفت کر رہے تھے، جبکہ عام آدمی پارٹی کے انڈیا الائنس کا حصہ ہونے کے بعد بھی وزیراعلیٰ بھگونت مان پنجاب میں کانگریس پرحملہ آوررہے ہیں۔ اس سال کے آغازمیں ان کا ‘ایک تھی کانگریس’ بیان بھی کافی سرخیوں میں رہا تھا۔ پنجاب واحد صوبہ نہیں ہے جہاں عام آدمی پارٹی نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے آسام اورگجرات سمیت کچھ ریاستوں میں اس نے ایسا ہی رخ دکھایا ہے۔ گزشتہ دنوں آسام کی تین سیٹوں پرعام آدمی پارٹی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ انڈیا الائنس اس کو قبول کرتے ہوئے اپنی حمایت دے گا اوریہ تین لوک سبھا سیٹ عام آدمی پارٹی کو دے دی جائیں گی۔ ہم فائٹرلوگ ہیں اورہمیں الیکشن لڑنا ہے۔ عام آدمی پارٹی کا کہنا تھا کہ اگرصرف میٹنگ ہی کرتے رہیں تو الیکشن کب لڑیں گے۔
بھارت ایکسپریس۔