Bharat Express-->
Bharat Express

Arab League Summit in Cairo: قاہرہ میں عرب سربراہی اجلاس: غزہ کی بازآباد کاری کا منصوبہ اسرائیل کو منظور نہیں، حماس مطمئن

حماس نے اجلاس کے فیصلوں کو فلسطینی کاز کے لئے مثبت قدم قراردیا اور عرب ممالک سے کہا کہ وہ اس منصوبے کی کامیابی کے لئے عملی اقدامات کریں۔ حماس کا کہنا ہے کہ ہم عرب لیڈران کے اس موقف کی قدرکرتے ہیں، جوفلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مخالفت کرتا ہے۔

اسرائیل کے حملوں اور وحشیانہ بمباری میں تباہ وبرباد ہوئے فلسطین کے شہرغزہ پٹی کی باز آبادکاری کے لئے عرب واسلامی ممالک کے سربراہوں کا اجلاس اختتام پذیرہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق، اجلاس میں شریک عرب سربراہان نے غزہ کی تعمیر نو کے لئے مصر کے منصوبے کو منظوری دی۔ تاہم اسرائیل نے اسے مسترد کردیا جبکہ حماس نے منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔

رائٹرکے مطابق، قاہرہ میں عرب لیڈران کے اجلاس کے بعد اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ منصوبہ حقیقت کو نظرانداز کرتا ہے اور حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کا ذکرتک نہیں کرتا۔ حالانکہ اس حملے میں ہزاروں اسرائیلی ہلاک اور سینکڑوں اغوا کئے گئے، لیکن منصوبے میں اس کا کوئی ذکرنہیں کیا گیا اور نہ ہی حماس کی مذمت کی گئی۔

حماس نے عرب ممالک کے فلسطینی کاز کو سراہا

دوسری جانب، حماس نے اجلاس کے فیصلوں کو فلسطینی کاز کے لئے مثبت قدم قراردیا اورعرب ممالک سے کہا کہ وہ اس منصوبے کی کامیابی کے لئے عملی اقدامات کریں۔ حماس کا کہنا ہے کہ ہم عرب لیڈران کے اس موقف کی قدرکرتے ہیں، جوفلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مخالفت کرتا ہے۔ فلسطینی تنظیم نےعرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کوپابند کریں کہ وہ حماس کے ساتھ اپنے جنگ بندی معاہدے پرعمل کرے۔ واضح رہے کہ قاہرہ اجلاس میں عرب اور اسلامی ممالک نے فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔

پانچ برس کے اندر غزہ کی تعمیر نو کا کام مکمل ہوگا: مصر

مصری وزیرخارجہ بدرعبدالعاطی نے باورکرایا ہے کہ عرب ممالک پانچ برس کے اندرغزہ کی تعمیر نوکا کام مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ عرب سربراہ اجلاس میں جس چیز پراتفاق ہوا، وہ ایک قابل عمل حقیقت ہے۔ مصری وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ قاہرہ سربراہ اجلاس نے ایک عملی متبادل حل پیش کیا، جیسا کہ امریکہ نے درخواست کی تھی۔ فلسطین سے متعلق اجلاس میں جس چیزپراتفاق رائے ہوا ہے، وہ غزہ میں المناک صورت حال کا علاج ہے۔ مصری وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ تعمیرنوکے منصوبے کو تفصیلی شکل میں بیان کرنے کے لیے کئی دارالحکومتوں کا دورہ کیا جائے گا۔ بدرعبدالعاطی کے مطابق، جنگ کے بعد غزہ کی انتظامیہ آزاد فلسطینی شخصیات کے ہاتھوں میں ہونی چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ غزہ کی تعمیرنوپرعمل درآمد کے لیے پائیدارجنگ بندی لازم ہے۔ مصری وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ فلسطینی ریاست کا قیام تشدد کی عدم تکراریقینی بنانے کے لیے واحد ضمانت ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ بھی یہ واضح کرچکے ہیں کہ وہ تشدد کے خلاف ہیں اور امن چاہتے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read