تلنگانہ کا ایگزٹ پول سامنے آگیا ہے۔
Telangana Exit Poll Result 2024: تلنگانہ کی سبھی 17 لوک سبھا سیٹوں کے ایگزٹ پول سامنے آگئے ہیں۔ ہفتہ (یکم جون) کوساتویں مرحلے کی ووٹنگ ختم ہوتے ہی ایگزٹ پول ڈکلیئرکئے گئے۔ تلنگانہ کے انتخابی میدان میں برسراقتدار کانگریس، بی جے پی، بی آرایس اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے درمیان سیدھی لڑائی ہے۔
دراصل، تلنگانہ میں لوک سبھا کی کل 17 سیٹیں ہیں۔ سال 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں بی آرایس سب سے بڑی پارٹی بن کرابھری تھی۔ اس وقت بی آرایس ریاست کے اقتدار پرقابض تھی۔ حالانکہ اس بار ریاست میں اقتدار پلٹ گیا اورکانگریس پارٹی کے پاس تلنگانہ کی کمان ہے۔ گزشتہ بار کے مقابلے کانگریس کو اپنی کارکردگی میں سدھار کی امید ہے جبکہ بی جے پی اور اے آئی ایم آئی ایم یہاں اچھی کارکردگی کی امید لگائے بیٹھی ہیں۔
تلنگانہ میں کسے مل رہی ہیں کتنی سیٹیں؟
تلنگانہ کے ایگزٹ پول کی بات کریں تو ریاست کی 17 لوک سبھا سیٹوں میں سے برسراقتدار کانگریس کو 7 سیٹیں ملنے کا امکان ہے جبکہ بی جے پی کو 5 سیٹں مل سکتی ہیں۔ جبکہ بی آرایس کو 4 سیٹیں ملتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ اسدالدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم کو بھی ایک سیٹ ملتی ہوئی نظرآرہی ہے۔ تلنگانہ کے ایگزٹ پول کے مطابق حیدرآباد میں اسدالدین اویسی اپنی سیٹ حیدرآباد میں سبقت حاصل کرتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس کو سب سے زیادہ 40 فیصد ووٹ مل سکتا ہے جبکہ بی آر ایس کے حصے میں 28.77 فیصد، بی جے پی کے حصے میں 21.45 فیصد جبکہ اے آئی ایم آئی ایم کے حصے میں 3.56 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
2019 کے کیا تھے نتائج
سال 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں بی آرایس کو 41.7 فیصد ووٹوں کے ساتھ 9 سیٹیں ملی تھیں۔ وہیں بی جے پی کو 19.7 فیصد ووٹوں کے ساتھ چار سیٹیں، کانگریس کو تین سیٹیں ملی تھیں۔ کانگریس کا ووٹ شیئر 29.8 فیصد ووٹ ملا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اے آئی ایم آئی ایم کو 2.8 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ ایک سیٹ ملی تھی۔
2014 میں رہے تھے یہ نتائج
تلنگانہ میں 2014 کے لوک سبھا الیکشن میں بی آرایس کو 11 سیٹیں (34.9 فیصد ووٹ کے ساتھ)، کانگریس کو دو سیٹیں (24.7 فیصد)، ٹی ڈی پی کو ایک سیٹ (12.03 فیصد ووٹ)، بی جے پی کو ایک سیٹ (10.05 فیصد ووٹ) اوروائی ایس آرسی پی کوایک سیٹ (13.01 فیصد ووٹ کے ساتھ) ملی تھی۔
تلنگانہ میں کب ہوئی تھی ووٹنگ؟
واضح رہے کہ تلنگانہ کی سبھی 17 لوک سبھا سیٹوں پرایک ہی مرحلے میں 13 مئی کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ تلنگانہ میں کانگریس اقتدار میں ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی ہیں۔ حالانکہ برسراقتدار کانگریس کو بی جے پی، بی آرایس اور اے آئی ایم آئی ایم سے چیلنج مل رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔