Bharat Express DD Free Dish

Rahul on Amit Shah’s debate offer: امت شاہ کے لیکچر میں کوئی دلچسپی نہیں، طلبہ پر مبینہ پولیس کارروائی کا جواب چاہتی ہے اپوزیشن: راہل گاندھی

وزیر داخلہ امت شاہ کے مباحثے کی پیشکش پر اپوزیشن کا سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ راہل گاندھی نے مرکزی وزیر داخلہ پر پارلیمنٹ سے غیر حاضر رہنے کا الزام لگایا ہوئے کہا کہ  طلبہ پر مبینہ فائرنگ اور لاٹھی چارج کا حکم کس نے دیا؟

نئی دہلی: کانگریس کے رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر (قائد حزب اختلاف) راہل گاندھی نے بدھ کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی جانب سے پارلیمنٹ میں طلبہ کے احتجاج اور مبینہ پولیس کارروائی پر تفصیلی بحث کی پیشکش کے باوجود اپوزیشن کے احتجاج سے پیچھے نہ ہٹنے کے اشارے دیے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن امت شاہ کا ’’لیکچر‘‘ سننے میں دلچسپی نہیں رکھتی بلکہ وہ طلبہ کے خلاف مبینہ طاقت کے استعمال پر جواب اور جواب دہی چاہتی ہے۔

طلبہ پر فائرنگ کا حکم کس نے دیا: راہل گاندھی؟

پارلیمنٹ کمپلیکس کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن نے واضح کر دیا ہے کہ اسے امت شاہ کا لیکچر نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا ’’ہم سے مراد ملک کی نوجوان نسل ہے۔ طلبہ کو کس نے گولی ماری؟ طلبہ کو کیل لگی لاٹھیوں سے مارنے کا حکم کس نے دیا؟ کیا امت شاہ نے ہمارے بچوں پر گولی چلانے کا حکم دیا تھا؟‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایسا حکم امت شاہ نے دیا تھا تو انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ گزشتہ 20 دنوں سے وزیر داخلہ پارلیمنٹ سے غائب ہیں اور ان میں ایوان کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے۔

حکومت ہر پہلو پر بحث کے لیے تیار: امت شاہ

اس سے قبل مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں نیٹ پیپر لیک سے متعلق طلبہ کے احتجاج کے ہر پہلو پر تفصیلی بحث کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ دوپہر 2 بجے تک اسپیکر کو خط دے تاکہ بحث دوپہر 3 بجے سے شروع کی جا سکے۔ امت شاہ نے کہا کہ وہ خود پارلیمنٹ میں ہر سوال کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو بھی واضح کر چکے ہیں کہ حکومت طلبہ کے احتجاج سے متعلق تمام معاملات پر بحث کے لیے تیار ہے۔

’’پارلیمنٹ چلنے نہیں دے رہے، پھر میں وہاں کیا کروں؟‘‘

امت شاہ نے راہل گاندھی کے اس الزام کو مسترد کیا کہ وہ پارلیمنٹ سے غائب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے کے بعد سے وہ مسلسل پارلیمنٹ آ رہے ہیں اور اپنے چیمبر میں موجود رہتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر اپوزیشن دونوں ایوانوں کی کارروائی چلنے نہیں دے رہی تو کسی کے پارلیمنٹ جانے سے کیا ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن سے ایک بار پھر بحث کے لیے وقت طے کرنے اور اسپیکر کو خط دینے کی اپیل کی۔ طلبہ کے احتجاج اور مبینہ پولیس کارروائی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری ٹکراؤ کے باعث پارلیمنٹ کی کارروائی بار بار متاثر ہو رہی ہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ حکومت طلبہ کے خلاف مبینہ طور پر طاقت کے استعمال پر جواب دے اور اس کی ذمہ داری طے کی جائے۔

راہل گاندھی اور امت شاہ آمنے سامنے

اس سے قبل اپوزیشن کے رہنماؤں نے مرکزی حکومت کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین نے ’’امت شاہ جواب دو‘‘ کے نعرے لگائے۔ اپوزیشن نے دارالحکومت دہلی سمیت دیگر ریاستوں میں طلبہ کے خلاف پولیس کی مبینہ زیادتی کو اپنی تنقید کا مرکزی موضوع بنایا۔ طلبہ کے احتجاج سے متعلق معاملے پر راہل گاندھی اور امت شاہ کے بیانات سے واضح ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس مسئلے پر اختلاف برقرار ہے۔ ایک طرف حکومت تفصیلی پارلیمانی بحث کے ذریعے معاملے پر جواب دینے کی پیشکش کر رہی ہے، جبکہ اپوزیشن مباحثے سے پہلے مبینہ پولیس کارروائی پر براہ راست جواب دہی کا مطالبہ کر رہی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read