مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دہلی دھماکے کے بعد سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے کے قصورواروں کو ایسی عبرتناک سزا دی جائے گی کہ مستقبل میں کوئی بھی اس طرح کے حملے کا تصور بھی نہ کر سکے۔ شاہ نے یہ بات گجرات کے میسانا ضلع میں ایک اسکول اور ایک پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
امت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہلی میں ہونے والا یہ دھماکہ ایک “بزدلانہ حرکت” ہے، جس میں معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ “جن لوگوں نے اس واقعے کو انجام دیا ہے یا اس کے پیچھے ہیں، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔” شاہ نے کہا کہ مرکزی حکومت اور وزارت داخلہ اس معاملے میں مکمل طور پر سنجیدہ اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے دہلی دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ “وزیر اعظم نریندر مودی کا عزم ہے کہ دہلی دھماکے کے تمام ذمہ دار افراد کو عبرتناک سزا دی جائے گی اور یہ عزم ضرور پورا کیا جائے گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ دہلی دہشت گرد حملے کے قصورواروں کو دی جانے والی سزا پوری دنیا کو یہ پیغام دے گی کہ بھارت کی سرزمین پر اس طرح کی حرکت کا انجام کیا ہوتا ہے۔ شاہ نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت نے دہشت گردی کے خلاف جو مضبوط موقف اپنایا ہے، اسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “مودی نے اس عالمی جنگ میں قیادت کی ہے اور بھارت نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ہم امن کے دشمنوں کے خلاف کتنے سخت ہیں۔”
دھماکے میں 13 افراد ہلاک
پولیس ذرائع کے مطابق پیر کی شام لال قلعہ کے قریب ایک سفید ہنڈائی آئی-20 کار میں زوردار دھماکہ ہوا، جس میں 13 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے۔ ابتدائی تفتیش میں ایک اور مشتبہ گاڑی کا سراغ ملا، جسے فرید آباد ضلع سے برآمد کر لیا گیا۔
تاہم، تفتیشی ایجنسیوں کو شبہ ہے کہ قصورواروں نے ایک تیسری گاڑی، ممکنہ طور پر ماروتی بریزا، کا استعمال یا تو ریکی (نگرانی) کے لیے یا دھماکے کے بعد فرار ہونے کے لیے کیا۔ اس گاڑی کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ دہلی پولیس اور دیگر سلامتی ایجنسیاں این سی آر اور ملحقہ ریاستوں میں اس لاپتہ بریزا کی تلاش میں تیز کارروائیاں کر رہی ہیں۔ دہلی میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور شہر میں ہائی الرٹ نافذ ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


