نئی دہلی: دہلی بی جے پی کے صدراورمرکزی وزیرہرش ملہوترا نے کانگریس کی جانب سے دہلی کے سابق وزیرراجیندرپال گوتم کو اترپردیش کانگریس کا انچارج مقررکئے جانے پرسخت ردعمل ظاہرکیا ہے۔ ہرش ملہوترا نے راجیندرپال گوتم کو ’سناتن مخالف‘ قراردیتے ہوئے کانگریس پرتوشہ برداری کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔
دہلی بی جے پی صدر ہرش ملہوترا نے کہا کہ کانگریس نے اترپردیش جیسی بڑے ریاست میں اپنے سینئرترین لیڈران کونظراندازکرکے ایسے شخص کو ریاست کا انچارج بنایا ہے، جوسناتن دھرم اورہندوعقیدے کی کھلی مخالفت کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیندرپال گوتم وہی شخص ہیں، جواروند کیجریوال حکومت میں وزیررہتے ہوئے کئی بارہندودیوی دیوتاؤں کی توہین کرتے رہے تھے۔ ان کے اسی سناتن مخالف رویے کی وجہ سے بالآخرکیجریوال حکومت کوانہیں وزارت سے ہٹانا پڑا تھا۔
’سناتن مخالف پالیسی کی قیمت چکانی پڑے گی‘
مرکزی وزیرہرش ملہوترا نے مزید کہا، ’’وزیررہتے ہوئے گوتم اپنے حلقے کی بیشترہندوتنظیموں کے پروگراموں میں بھی شرکت نہیں کرتے تھے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ کانگریس نے انہیں ریاستی انچارج صرف سناتن مخالف ووٹوں کومتحد کرنے کی سازش کے تحت مقررکیا ہے۔‘‘ دہلی بی جے پی صدرنے کہا کہ تمام اپوزیشن پارٹیاں یہ سمجھ لیں کہ اب ملک کے عوام ان کی توشہ برداری کی سیاست کوقبول نہیں کریں گے۔ ہرش ملہوترا نے کہا کہ کانگریس کو2027 کے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں اپنی اس سناتن مخالف پالیسی کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ بی جے پی سناتن دھرم اورقوم پرستی کے احترام کے لیے ہمیشہ پابند عہد ہے۔
کانگریس نے بنایا یوپی کا انچارج
کانگریس ہائی کمان نے آئندہ 2027 کے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظرتنظیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے دہلی کے سابق وزیرراجیندرپال گوتم کواترپردیش کا انچارج مقررکیا ہے۔ سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ کانگریس اس تقرری کے ذریعے یوپی کے تقریباً 21 فیصد دلت ووٹ بینک کواپنے حق میں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسی سلسلے میں کانگریس صدرملیکا ارجن کھڑگے بھی یومِ آئین کے موقع پرلکھنؤ کے دورے کے ذریعے دلت اور’آئین بچاؤ‘ کی سیاست کومزید مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
2022 کے تنازع کے بعد وزارت سے دینا پڑا تھا استعفیٰ
راجیندرپال گوتم اس سے قبل دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت میں سماجی بہبود کے وزیررہ چکے ہیں۔ اکتوبر2022 میں دہلی میں منعقدہ ایک بودھ مذہب اختیارکرنے کے پروگرام میں شرکت اوروہاں دلائی گئی حلف برداریوں سے متعلق بڑا سیاسی تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ اس وقت بی جے پی نے بھی ان پرہندودیوی دیوتاؤں کی توہین کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد شدید دباؤکے باعث راجیندرپال گوتم کو اروند کیجریوال کابینہ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ بعد ازاں ستمبر 2024 میں انہوں نے عام آدمی پارٹی چھوڑکرکانگریس میں شمولیت اختیارکرلی تھی۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


