Bharat Express DD Free Dish

Deadly Tanker Inferno in Egypt: مصر میں قیامت خیز آتشزدگی، آئل ٹینکر الٹنے سے 30 افراد کی موت، 25 جھلس کر زخمی، دو درجن سے زائد گاڑیاں خاکستر

قاہرہ کے قریب رنگ روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات سے بھرا ٹینکر بے قابو ہوکر الٹ گیا، جس کے بعد آگ نے کئی گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے میں دو درجن سے زائد کاریں اور موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب بدھ کی رات ایک ایندھن سے بھرا ٹینکر الٹنے کے بعد بھیانک آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں 30 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ 25 دیگر جھلس کر زخمی ہوگئے۔ آگ کی زد میں آنے سے دو درجن سے زائد کاریں اور موٹر سائیکلیں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ قاہرہ کی اہم رنگ روڈ پر پیش آیا۔ گیزہ صوبے کے الوراق علاقے میں پیٹرولیم مصنوعات سے بھرا ایک ٹینکر بے قابو ہوکر الٹ گیا۔ اس کے بعد ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس سے گزرنے والی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

بڑے پیمانے پر راحت اور بچاؤ مہم چلائی گئی

مصر کے سرکاری استغاثہ دفتر کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر بڑے پیمانے پر راحت اور بچاؤ مہم شروع کی گئی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، جبکہ امدادی کارکنوں نے جلتی ہوئی گاڑیوں سے لوگوں کو باہر نکالا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر سیکڑوں افراد جمع ہوگئے۔ مصر کی وزارتِ صحت کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ راحت اور بچاؤ مہم میں 39 ایمبولینسیں تعینات کی گئیں۔ حکام نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے جانچ شروع کر دی ہے، کیونکہ آگ میں کئی لاشیں بری طرح جھلس گئی ہیں۔ مصر کے وزیر صحت خالد عبدالغفار نے کہا، ’’ہلاک ہونے والوں کی تعداد ابتدائی اندازے پر مبنی ہے اور اس میں اضافہ ہوسکتا ہے۔‘‘ انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے اور زخمیوں کے علاج کے انتظامات کی نگرانی کرنے کی بھی بات کہی۔

صدر السیسی نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔ وہیں ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹینکر ڈرائیور گاڑی پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔ اس کے بعد ٹینکر سڑک کے کنکریٹ ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ تاہم حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

مصر میں سڑک حادثات تشویش کا باعث

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر میں سڑک حادثات ایک سنگین تشویش کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔ تیز رفتار، خراب سڑکوں اور ٹریفک قوانین پر کمزور عمل درآمد کو یہاں ہونے والے حادثات کی اہم وجوہات سمجھا جاتا ہے۔ مصر کے سرکاری ادارۂ شماریات کے مطابق سال 2025 میں سڑک حادثات کے نتیجے میں 5,829 افراد کی موت ہوئی تھی، جو 2024 میں درج 5,260 اموات کے مقابلے میں 10.8 فیصد زیادہ ہے۔ سال کے آغاز میں بھی جنوبی صوبے بنی سویف کے قریب کئی گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس میں 21 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے تھے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read