نئی دہلی: اپنی انقلابی، مزاحمتی اوربے مثال شاعری کے ذریعہ دنیا بھرمیں اپنی شناخت قائم کرنے والے ممتازاردوشاعرمرحوم منوررانا کی یاد میں آج جمعرات (26 نومبر، 2026) کی شام دہلی میں ایک خصوصی ادبی ویادگاری تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں ملک کی اہم سیاسی، سماجی اورادبی شخصیات شرکت کریں گی۔ یہ پروگرام دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا کے ماولنکرآڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔ اس موقع پرمرحوم منوررانا کی ادبی خدمات اورشاعری پرمبنی دوکتابوں کا اجرا کیا جائے گا۔ ان کتابوں کا اجرا کانگریس کے صدرملیکا ارجن کھڑگے، سابق نائب صدرجمہوریہ ہند حامد انصاری، سماج وادی پارٹی کے سینئررہنما اوراتر پردیش کے سابق وزیرمحمد اعظم خان، سابق مرکزی وزیراورسینئروکیل سلمان خورشید اورکپل سبل کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔
پروگرام کے کنوینراورمرحوم منوررانا کے صاحبزادے تبریزرانا نے بتایا کہ اس موقع پرمرحوم منوررانا کی دوکتابیں “سیپ کے موتی” اور”میرا آکے لوٹ گیا” منظرعام پرلائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس تقریب میں منور رانا فاؤنڈیشن کا بھی باضابطہ آغازکیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک قومی سطح کے کوی سمیلن اورمشاعرے کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، جس میں ملک بھرکے نامورشعرا اپنی شرکت سے محفل کورونق بخشیں گے۔ اس پروگرام کا مرکزی موضوع “ایک شام آئین کے نام” رکھا گیا ہے۔ اس موضوع کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے تبریزرانا نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اورآئین کودرپیش خطرات کے پیش نظرآج ہرشہری کے لیے ضروری ہے کہ وہ آئین کے تحفظ اوراس کی بالادستی کے لیے کھڑا ہو۔
تقریب میں ہرخاص وعام سے شرکت کی اپیل
انہوں نے کہا کہ: ’’ہم اپنے ملک اورآئین کے لیے ہرقربانی دینے کوتیارہیں۔‘‘ تبریز رانا نے واضح کیا کہ اس پروگرام میں شرکت کے لیے کسی پاس یا دعوت نامے کی ضرورت نہیں ہے۔ تقریب کے دروازے ہرخاص وعام کے لیے کھلے ہیں اورتمام شہریوں کوشرکت کی دعوت ہے۔
مشاعرے میں ملک کے ممتاز شعرا کی شرکت
اس یادگاری مشاعرے کی صدارت معروف شاعرشہزادہ گلریزکریں گے۔ مشاعرے میں شرکت کرنے والے دیگرنامورشعرا میں سنجے مشرا شوق، محشرآفریدی، عزم شاکری، ندیم فرخ، عادل رشید، وجے تیواری، ابرارکاشف، ممتاز نسیم، تارا اقبال، نکہت امروہوی، پپلولکھنوی، ششانک سنگھ درپن، پیوش اگنی ہوتری اوردیگرممتازشعرا شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

