Bharat Express

Farooq Abdullah on PoK: پاک مقبوضہ کشمیر پر بیان سے متعلق امت شاہ پر برہم ہوگئے فاروق عبداللہ، ‘فوج کا رخ نہ موڑتا تو’…

سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے جموں وکشمیر میں سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی سے متعلق مرکزی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے بتایا کہ کیسے پونچھ اور راجوری کو بچایا گیا۔

جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ۔ (فائل فوٹو)

Farooq Abdullah on Amit Shah: پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران بولتے ہوئے وزیرداخلہ امت شاہ نے پاک مقبوضہ کشمیر (پی اوکے) موضوع سے متعلق سابق وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرو پرتنقید کی تھی، جس کے بعد سے لوک سبھا میں کانگریس اور بی جے پی اراکین پارلیمنٹ کے درمیان نوک جھونک شروع ہوگئی۔ اس کے بعد کانگریس نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ اسے لے کراب جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اورنیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے امت شاہ پر پلٹ وار کیا۔

فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ سب سیاست ہے۔ آپ اس وقت زندہ نہیں تھے، آپ اس وقت پیدا نہیں ہوئے تھے۔ اس وقت کیا صورتحال تھی وہ آپ کو معلوم نہیں ہے۔ اس وقت پونچھ اور راجوری کو بچانے کے لئے فوج کا رخ موڑدیا گیا، تاکہ یہ دونوں مقامات بچ جائیں۔ آج پونچھ اورراجوری اگرہندوستان کا حصہ ہیں تو اسی مہربانی سے ہیں، نہیں تو وہ بھی پاکستان میں چلا گیا ہوتا۔ اس وقت جو صورتحال تھی، اس کے علاوہ کوئی اورراستہ نہیں تھا۔

کشمیر کا ماحول مزید خراب ہوا

فاروق عبداللہ نے امت شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ جب فاروق عبداللہ سے پوچھا گیا کہ کیا کشمیر کا ماحول پہلے سے بہتر ہوا ہے؟ تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کا ماحول پہلے سے بھی زیادہ خراب کردیا گیا ہے۔ کتنی فوج ہے وہاں، کتنی بی ایس ایف ہے، کتنی سی آرپی ایف ہے، کتنی سی آئی ایس ایف ہے۔ یہ سب میرے وقت میں نہیں تھے۔ آج یہ لوگ ہرگھر کے سامنے کھڑے ہیں۔

کیوں شہید ہورہے ہیں جوان؟ فاروق عبداللہ کا سوال

فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ اتنی سخت سیکورٹی ہونے کے بعد بھی ہمارے جوان کیوں شہید ہو رہے ہیں۔ اگر یقیناً دہشت گردی ختم ہوگئی ہے تو کیسے جوان شہید ہو رہے ہیں، کیسے لوگ مارے جا رہے ہیں؟ اس سے پہلے لوک سبھا میں بولتے ہوئے وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ “نہرو کی غلطیوں کی وجہ سے پی او کے بنا۔ وزیراعظم رہتے ہوئے ان کی دو غلطیوں کو سالوں تک کشمیرکو بھگتنا پڑا۔”

   -بھارت ایکسپریس

Also Read