Bharat Express DD Free Dish

Mallikarjun Kharge slams Centre over inflation: ’’آخرکب تک مہنگائی کا بوجھ برداشت کریں گے لوگ؟‘‘ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکزی حکومت کو بنایا نشانہ

مودی حکومت کے 12 سال میں مہنگائی سے عوام پریشان، آٹا، دال، تیل، دودھ اور چاول کی قیمتوں میں اضافے کا دعویٰ، کھڑگے نے کہا: آخرعوام کب تک معاشی بدانتظامی کی قیمت چکاتے رہیں گے؟

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بدھ کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے معاملے پر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ عوام کو معاشی بدانتظامی کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر لوگ کب تک مہنگائی کا بوجھ برداشت کرتے رہیں گے؟ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کھڑگے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے 12 سال بعد عام آدمی کے لیے گھر چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں وزیر اعظم نے مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن 2026 میں صورت حال یہ ہے کہ عام آدمی کی تھالی سکڑ رہی ہے اور جیبیں خالی ہوتی جا رہی ہیں۔

آٹا، دال، تیل، دودھ اور چاول کی قیمتوں میں اضافے کا دعویٰ

ملکارجن کھڑگے نے ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آٹے کی قیمت 21 روپے سے بڑھ کر 69 روپے، ارہر دال 75 روپے سے 180 روپے، سرسوں کا تیل 102 روپے سے 263 روپے، دودھ 36 روپے سے 85 روپے اور چاول 29 روپے سے 71 روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے 12 سال میں مہنگائی نے عوام پر شدید بوجھ ڈال دیا ہے اور لوگ بے بسی کی حالت میں ہیں۔ ان کے مطابق 2014 میں مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن 2026 میں عوام کی جیبوں پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔

اکتوبر میں خوردنی مہنگائی 8.94 فیصد ہونے کا دعویٰ

کھڑگے نے دعویٰ کیا کہ اکتوبر میں خوردنی مہنگائی 8.94 فیصد اور تھوک مہنگائی 12.29 فیصد رہی۔ انہوں نے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 61 فیصد خاندانوں کے ماہانہ ضروری اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے 20 فیصد سے زیادہ بڑھ گئے ہیں، جب کہ 74 فیصد لوگوں کو غیر ضروری اخراجات میں کٹوتی کرنی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کا پیمانہ تقریروں کی طوالت نہیں بلکہ عام آدمی کی تھالی میں موجود کھانا اور اس کی جیب میں بچنے والی رقم ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ عوام آخر کب تک حکومت کی معاشی بدانتظامی کی قیمت ادا کرتے رہیں گے؟

تھوک مہنگائی 12.29 فیصد، خوردہ مہنگائی 6.09 فیصد

وزارت تجارت و صنعت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں تھوک مہنگائی بڑھ کر 12.29 فیصد ہوگئی، جب کہ ستمبر میں یہ 11.39 فیصد تھی۔ اس اضافے کی بڑی وجہ ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ بتایا گیا ہے۔ ایندھن اور بجلی کے شعبے میں مہنگائی کی شرح اکتوبر میں بڑھ کر 32.84 فیصد ہوگئی، جو ستمبر میں 25.85 فیصد تھی۔ بنیادی اشیا کی مہنگائی بھی 8.67 فیصد سے بڑھ کر 9.24 فیصد ہوگئی۔ تاہم تیار شدہ مصنوعات کی مہنگائی کی شرح معمولی کمی کے ساتھ 9.76 فیصد سے 9.54 فیصد پر آگئی۔ وزارت کے مطابق معدنی تیل، خام پٹرولیم، قدرتی گیس، بجلی، غذائی اشیا، بنیادی دھاتیں، کیمیکل اور غذائی مصنوعات تھوک مہنگائی بڑھانے والے اہم عوامل رہے۔ وہیں وزارت شماریات و پروگرام نفاذ کے اعداد و شمار کے مطابق صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) پر مبنی خوردہ مہنگائی اکتوبر 2026 میں بڑھ کر 6.09 فیصد ہوگئی، جب کہ ستمبر میں یہ 5.54 فیصد تھی۔ یہ اکتوبر 2024 کے بعد مہنگائی کی بلند ترین سطح ہے، اس وقت خوردہ مہنگائی 6.21 فیصد درج کی گئی تھی۔

کانگریس نے مہنگائی پر حکومت سے وائٹ پیپر کا مطالبہ کیا

کانگریس اس سال مسلسل مہنگائی کے معاملے پر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتی رہی ہے۔ اس سے قبل کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات سے متعلق وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ خوردہ مہنگائی 6.09 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو ریزرو بینک آف انڈیا کی 6 فیصد کی بالائی حد سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ تھوک مہنگائی بھی اکتوبر میں 12.29 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔ جے رام رمیش نے کہا تھا کہ ضروری اشیا مہنگی ہونے کے باعث خاندانوں کو اپنے گھریلو بجٹ میں کھانے پینے کی اشیا کے لیے زیادہ رقم مختص کرنی پڑ رہی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read