غازی آباد کی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) عدالت میں اعظم خان کی ضمانت سے متعلق تمام قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد انہیں ڈاسنا جیل سے رہا کر دیا گیا۔ جیل کے باہر ان کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اعظم خان کی ضمانت کے لیے 50-50 ہزار روپے کے دو ضمانتی بانڈ جمع کرائے گئے۔ اس کے علاوہ 50 ہزار روپے کا ذاتی مچلکہ بھی داخل کیا گیا۔ شہنواز اور جنید نے ان کے ضمانتی بننے کی ذمہ داری لی تھی۔ ضمانت کی رقم کے طور پر دونوں کی جانب سے 50-50 ہزار روپے کی دو فکسڈ ڈپازٹ (ایف ڈی) جمع کرائی گئیں۔ اعظم خان کے وکیل نے تمام ضروری قانونی کارروائیاں مکمل کیں۔ اس کے بعد عدالت نے رہائی کا حکم ڈاسنا جیل بھیج دیا، جس کے بعد اعظم خان دیر شام جیل سے باہر آگئے۔
ای ڈی کو سپریم کورٹ کی پھٹکار
ای ڈی نے اعظم خان کو 31 اکتوبر کو اس وقت گرفتار کیا تھا، جب وہ دو پین کارڈ کے معاملے میں ضمانت ملنے کے بعد جیل سے باہر آرہے تھے۔ یہ کارروائی مولانا محمد علی جوہر ٹرسٹ اور جواہر یونیورسٹی سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں کی گئی تھی۔ اعظم خان نے اپنی گرفتاری کو یہ کہتے ہوئے چیلنج کیا تھا کہ ایجنسی نے گرفتاری کے دوران لازمی قانونی ضابطوں پر عمل نہیں کیا۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے اعظم خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران ای ڈی کو پھٹکار لگائی تھی اور کہا تھا: ’’کوئی آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا، انہیں عبوری ضمانت پر رہنے دیجیے۔‘‘ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے فرضی پیدائشی سرٹیفکیٹ کے معاملے میں بھی اعظم خان کو راحت دی تھی اور اتر پردیش حکومت کی عرضی خارج کر دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ان کی اہلیہ تزئین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم خان کی سزا پر بھی روک لگا دی تھی۔
کیا تھا معاملہ؟
18 اکتوبر 2023 کو رام پور کی ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے اعظم خان، تزئین فاطمہ اور عبداللہ اعظم کو دھوکہ دہی، جعل سازی اور مجرمانہ سازش کا قصوروار قرار دیا تھا۔ عدالت نے تینوں کو 7-7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ نے منگل کے روز اعظم خان کو عبوری ضمانت دی تھی۔ ای ڈی نے ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا رخ کیا۔ لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) ایس وی راجو نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت کے سامنے زبانی طور پر اس معاملے کا ذکر کیا اور اسی روز فوری سماعت کی درخواست کی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




