باغی افواج کی جانب سے بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے دو دن بعد، بھارت نے 75 بھارتی شہریوں کو وہاں سے باہر نکال لیا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد دمشق اور بیروت میں ہندوستانی سفارت خانوں نے انخلاء کے عمل کو مکمل کیا ہے۔دیر رات جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند نے 75 ہندوستانی شہریوں کو حالیہ پیش رفت کے بعد ملک شام سے باہر نکالا ہے۔ ان نکالے جانے والوں میں جموں و کشمیر کے 44 زائرین بھی شامل ہیں جو سیدہ زینب میں پھنسے ہوئے تھے۔ تمام ہندوستانی شہری بحفاظت لبنان پہنچ گئے ہیں اور دستیاب تجارتی پروازوں سے ہندوستان واپس آئیں گے۔
Press release: Evacuation of Indian Nationals from Syria ⬇️https://t.co/7bESmhpKK2
— Randhir Jaiswal (@MEAIndia) December 10, 2024
وزارت خارجہ نے یہ بات بتائی
وزارت خارجہ نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔شام میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ دمشق میں ہندوستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہیں۔ وزارت خارجہ نے کہاکہ حکومت صورت حال پر گہری نظر رکھے گی۔وہیں دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کارکنوں نے شام کی صورتحال کو افراتفری اور غیر مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں 16 ملین سے زائد لوگوں کو مدد کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امورنے کہا کہ 28 نومبر سے 8 دسمبر تک صرف مغرب اور شمال مغرب میں 10 لاکھ افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے ہیں۔
یواین دفتر نے کہا کہ حال ہی میں بے گھر ہونے والے افراد میں بنیادی طور پر حلب، ہما، حمص اور ادلب صوبوں سے خواتین اور بچے شامل ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق صورتحال انتہائی غیر مستحکم ہے، جس کی وجہ سے لوگ، سامان اور انسانی امداد کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے۔وہیں دوسری جانب شام کے باغی گروپوں نے لازمی سروس کے لیے بھرتی کیے گئے تمام فوجی اہلکاروں کے لیے عام معافی کا اعلان کیا ہے۔ ایک بیان میں باغی گروپ کے ملٹری آپریشن ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا کہ ہم لازمی سروس کے تحت تمام فوجی اہلکاروں کو عام معافی دیتے ہیں۔انہیں تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی ممنوع ہے۔
بھارت ایکسپریس۔