Bharat Express

Maulana Ghulam Rasool controversial statement about Muslims: مولانا غلام رسول بلیاوی نے مسلمانوں سے متعلق دیا متنازعہ بیان، کہا- ‘نتیش کمار کو ووٹ نہیں دیا تو کہلائیں گے غدار’

 کشن گنج میں جلسہ کے دوران سابق راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ غلام رسول بلیاوی نے کہا کہ اگرمسلمانوں نے نتیش کمارکوووٹ نہیں دیا تووہ غدارکہلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگوں نے تیرکا بٹن دبایا تووہ گنہگارہوسکتے ہیں، لیکن غدارنہیں۔

جے ڈی یو کے سینئر لیڈر مولانا غلام رسول بلیاوی نے مسلمانوں سے متعلق متنازعہ بیان دیا ہے۔

بہارکے کشن گنج میں جلسے کے دوران جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) کے لیڈرنے متنازعہ بیان دیا ہے۔ سابق راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ غلام رسول بلیاوی نے کہا کہ اگرمسلمانوں نے نتیش کمارکو ووٹ نہیں دیا تو وہ غدارکہلائیں گے۔ جے ڈی یو کارکنان کے اجلاس میں مولانا غلام رسول بلیاوی کے متنازعہ بیان کے بعد سیمانچل کی سیاست گرم ہوگئی ہے۔ غلام رسول بلیاوی نے جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن نتیش کمارکی عزت کا نہیں ہے، بلکہ بہاراور سیمانچل کے مسلمانوں کی عزت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نتیش کمار کو ووٹ نہیں دیا تو جب غداروں کا نام لکھا جائے گا تو سب سے پہلے آپ کا نام لکھا جائے گا۔

مولانا غلام رسول بلیاوی نے کہا کہ 19 سال جسے آزما چکے ہیں اورکوئی باہرکا آجائے اورہوا بنا دے اورآپ اس میں بہہ جاؤ، اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنے پیروں پرکھڑے نہیں ہیں۔ مولانا بلیاوی نے مزید کہا کہ 2025 میں اگرتیرکا بٹن دبا دیا تو پورے ملک میں یہ پیغام جائے گا کہ مسلمان گنہگارہوسکتا ہے، لیکن ملک کا غدار نہیں ہوسکتا۔

اسدالدین اویسی پر بولا گیا بڑا حملہ

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی پر تنقید کرتے ہوئے مولانا غلام رسول بلیاوی نے کہا کہ جب کام پڑتا ہے تو جے ڈی کے مقامی لیڈران کرتے ہیں، لیکن الیکشن کے وقت حیدرآباد سے بریانی لے کرآجاتے ہیں تب آپ لوگ جے جے کرتے ہیں۔ کشن گنج ضلع میں چاراسمبلی حلقہ آتے ہیں اور چاروں پرانڈیا الائنس کا فی الحال قبضہ ہے، ایسے میں جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) یہاں کی سیٹ جیتنا چاہتی ہے اور ابھی سے مسلم ووٹ کو گول بند کرنے کی کوشش پارٹی نے شروع کردیا ہے۔ اسمبلی الیکشن میں ابھی تقریباً ایک سال کا وقت باقی ہے، لیکن تمام سیاسی پارٹیوں نے ابھی سے سیاسی بساط بچھانا شروع کردیا ہے۔ چراغ پاسوان نے بھی اتوار کو جلسہ کیا تھا۔ وہیں، پرشانت کشور پہلے سے ہی جن سوراج یاترا نکال رہے ہیں۔