Photo- BCCI (@BCCI) /Twitter
India Become New No 1 Test: روہت شرما کی ٹیم انڈیا کو آئی سی سی مینس ٹسٹ رینکنگ میں نئی نمبرون ٹیم کا تاج پہنایا گیا ہے، ٹیم نے سالانہ رینکنگ اپڈیٹ میں آسٹریلیا کے خلاف چھلانگ لگائی ہے۔ مردوں کی ٹسٹ رینکنگ میں ٹاپ پرپیٹ کمنس کی قیادت والی آسٹریلیا کی بادشاہت 15 ماہ بعد ختم ہوگئی، جب ہندوستان آئندہ ماہ ہونے والی آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ 2023 فائنل سے پہلے آسٹریلیائی ٹیم سے آگے نکل گیا۔
ہندوستان کے فی الحال 121 ریٹنگ پوائنٹ ہیں۔ وہیں آسٹریلیا 121 سے 116 پوائنٹ پر آچکا ہے۔ ایسا رینکنگ میں اپڈیٹ کے سبب ہوا ہے، جس میں گھریلو سیریز جیت کو کم اور غیرملکی سیریز کو زیادہ پوائنٹ دیئے گئے ہیں۔ مئی 2022 سے ہندوستان نے 7 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں، جس میں سے انہیں چار میں جیت، دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا ہے۔
اس اپڈیٹ کا انگلینڈ کو بھی فائدہ ہوا ہے، کیونکہ اس اپڈیٹ میں مئی 2020 سے مئی 2022 کے میچوں کی رینکنگ پوائنٹ کو نصف کردیا گیا ہے۔ ایسے میں 22-2021 کے ایشیز میں 0-4 کی ملی شکست کا زیادہ نقصان انگلش ٹیم کو نہیں ہوا ہے۔ وہیں برینڈن میک کولم اور بین اسٹوکس کے آنے کے بعد تو اس تیم نے مئی 2022 سے 12 میں سے 10 ٹسٹ جیتے ہیں۔ اس سے پہلے ٹیم کو فروری 2021 سے مئی 2022 کے درمیان ہوئے 17 ٹسٹ میچوں میں سے صرف ایک ٹسٹ میں جیت ملی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم اب 114 ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔
حالانکہ اس کے بعد رینکنگ میں کچھ زیادہ تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 104 پوائنٹ کے ساتھ چوتھے، جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 100 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پر ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان 7 جون سے انگلینڈ کے اوول میں عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں مقابلہ ہونا ہے۔