ٹیم انڈیا کے گیند بازوں نے بنگلہ دیش کے بلے بازوں کو ڈھیر کردیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ سیریز کے پہلے میچ میں ٹیم انڈیا نے اپنی پکڑ مضبوط کرلی ہے۔ چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں ابھی تک ٹیم انڈیا کا دبدبہ دیکھنے کو ملا ہے۔ پہلے دن ہی پوری طرح دوسرے دن کے کھیل میں بھی ہندوستانی کھلاڑی بنگلہ دیش پر بھاری پڑے ہیں۔ کھیل کے پہلے دن ہندوستانی بلے بازوں کا کمال دیکھنے کو ملا تھا۔ وہیں دوسرے دن جسپریت بمراہ کی قیادت میں کافی خطرناک گیند بازی دیکھنے کو ملی، جس کی وجہ سے بنگلہ دیش کی پہلی اننگ سستے میں سمٹ گئی۔
بمراہ نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو ڈھیرکردیا
ٹیم انڈیا نے مقابلے کی پہلی اننگ میں 376 رن بنائے تھے، لیکن بنگلہ دیش کی ٹیم 149 رن بناکرآل آؤٹ ہوگئی۔ اس اننگ میں جسپریت بمراہ ہندوستان کے سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے کل 4 بلے بازوں کو اپنا شکار بنایا اور بنگلہ دیش کی بلے بازی کو تہس نہس کردیا۔ بمراہ کے علاوہ محمد سراج اور آکاش دیپ کی طرف سے بھی کافی شاندار گیند بازی دیکھنے کو ملی۔
محمد سراج اور آکاش دیپ نے 2-2 وکٹ حاصل کئے۔ وہیں رویندر جڈیجہ کو بھی دو کامیابی ملی، لیکن پہلی اننگ میں سنچری لگانے والے روی چندرن اشون کوئی وکٹ نہیں حاصل کرپائے۔ ایسا بہت کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے، جب اشون کسی گھریلو میچ میں وکٹ نہ حاصل کرپائیں۔ انہوں نے اس اننگ میں 13 اوورکی گیند بازی کی، جس میں سے 4 اوور میڈن بھی رہے، لیکن انہیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔
ٹیم انڈیا کو ملی 227 رنوں کی سبقت
پہلی اننگ کا کھیل ختم ہونے کے بعد ٹیم انڈیا کو ایک بڑی سبقت بھی مل گئی ہے۔ کھیل کے دوسرے دن ٹیم انڈیا نے اپنی اننگ کو 339 رنوں سے آگے بڑھایا تھا، لیکن اس نے 376 رنوں تک پہنچنے میں اپنے بچے ہوئے 4 وکٹ گنوا دیئے۔ ایسے میں بنگلہ دیش کے پاس واپسی کرنے کا اچھا موقع تھا، لیکن وہ ایسا نہیں کرسکی، جس کے سبب ہندوستانی ٹیم کو اب 227 رنوں کی سبقت مل گئی ہے۔
شکیب الحسن نے بنائے 32 رن
بنگلہ دیش کے بلے بازاس اننگ میں پوری طرح فلاپ رہے۔ شکیب الحسن کو چھوڑ کر کوئی بھی بلے باز 30 رن بھی نہیں بنا سکا۔ وہیں، پانچ بلے باز دہائی کا اعدادوشمار بھی نہیں پارکرسکے۔ شکیب الحسن نے ٹیم کے لئے سب سے زیادہ 32 رن بنائے اور مہدی حسن 27 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ لٹن داس بھی 22 رنوں کا ہی تعاون دے سکے۔ نجم الحسین شانتو نے بھی صرف 20 رنوں کی اننگ کھیلی۔
بھارت ایکسپریس–