Bharat Express

Bihar: کنہیا کمار کے دورے کے بعد بہار میں مندر کو گنگا جل سے دھویا گیا، کانگریس نے بی جے پی پر ’’اچھوت‘‘ نظریے کے فروغ کا الزام لگایا

ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے، جس میں بدھ کو کانگریس لیڈر کنہیا کمار نے بدھ کے روز اپنی یاترا کے دوران جس مندر کا دورہ کیا تھا، ان کے نکلنے کے بعد اس مندر کو ’’گنگا جل‘‘ سے دھویا گیا۔ دی نیو انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کنہیا کمار بدھ کے روز اپنی ’’ہجرت روکو، روزگار دو‘‘ یاترا کے دوران سہرسہ ضلع کے بنگاؤں گاؤں گئے تھے۔ اس دوران کنہیا کمار نے پارٹی لیڈروں کے ساتھ گاؤں کے بھگوتی استھان مندر کا بھی دورہ کیا۔

رہائشیوں کے مطابق کنہیا کمار نے، جو کہ ایک اعلیٰ ذات بھومیہار سے تعلق رکھتے ہیں، مندر میں عوام سے خطاب بھی کیا۔ کنہیا کا پہلے کچھ لوگوں نے خیرمقدم کیا اور روایتی پگڑی اور مالا پہنا کر اعزاز دیا۔ تاہم کانگریس لیڈر کے گاؤں چھوڑنے کے بعد کچھ لوگوں نے مندر کو دھویا۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں کچھ لوگوں کو پانی کی بالٹیوں سے مندر کو دھوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جمعہ کے روز کچھ نوجوانوں نے دوبارہ مندر کو ’’گنگا جل‘‘ سے دھویا۔ دی نیو انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق نگر پنچایت، بنگاؤں کے وارڈ کونسلر کے نمائندے امت چودھری کی ہدایت پر ایسا کیا گیا ہے۔

کنہیا کے جانے کے بعد کیوں دھویا گیا مندر؟

اس سوال کے جواب میں کہ کنہیا، جو کہ اعلیٰ ذات سے بھی ہیں، کے جانے کے بعد مندر کو کیوں دھویا گیا،انھوں نے کہا کہ ’’ہم کنہیا کے ملک مخالف بیانات کو نہیں بھولے ہیں۔ اس کا گناہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ کنہیا نے جے این یو میں ملک کے خلاف متنازعہ بیان دیا تھا۔ ہم اسے کیسے معاف کر سکتے ہیں؟‘‘ اس واقعے نے بی جے پی اور کانگریس کے درمیان نیا گھمسان شروع کر دیا ہے۔ جہاں کانگریس نے بی جے پی پر’’اچھوت‘‘ کے نظریے کو فروغ دینے کا الزام لگایا ہے، وہیں بی جے پی اس واقعے کو لوگوں کی طرف سے کنہیار کمار کی سیاست کو رد کیے جانے کی نشانی قرار دے رہی ہے۔تاہم کنہیا کمار نے اس واقعہ پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

دوسری طرف بی جے پی کے ترجمان استھ ناتھ تیواری نے مشورہ دیا کہ کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے ویڈیو کی سچائی اور ساتھ ہی مندر کو دھونے والوں کی شناخت کی بھی تصدیق کی جانی چاہیے۔ رہائشیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مندر میں تمام ذاتوں کے لوگوں کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور یہاں کوئی امتیاز نہیں ہے۔ ایک مقامی رہائشی سنجے کمار نے کہا ’’یہ کیسے ہوا؟ ہمیں معلوم نہیں ہے۔ ضلع انتظامیہ کو معاملے کی تحقیقات کرنی چاہیے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’یہ کچھ شرپسندوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ یہ ہمارے گاؤں کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش ہے جس میں تمام ذاتوں کے لوگ رہتے ہیں۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read