Bharat Express

Assembly By Polls Result 2024: سات ریاستوں کی 13 سیٹوں کے نتائج آئے سامنے، دیکھئے کہاں سے کون جیتا؟

کئی ریاستوں میں ہوئے اسمبلی الیکشن کے نتائج آج سامنے آگئے ہیں۔ لوک سبھا الیکشن کے بعد اسمبلی ضمنی الیکشن میں بھی این ڈی اے کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ 13 میں سے محض 2 سیٹوں پر ہی این ڈی اے کو کامیابی ملی۔ آئیے جانتے ہیں کہ کس سیٹ سے کسے جیت ملی۔

اسمبلی ضمنی الیکشن میں انڈیا الائنس نے این ڈی اے کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔

Assembly By Polls Result 2024: ملک کی 13 سیٹوں پر ہوئے ضمنی الیکشن کے نتائج سامنے آگئے ہیں۔ 7 ریاستوں کی 13 اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی الیکشن میں این ڈی اے کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ 13 میں سے 10 سیٹوں پر انڈیا الائنس نے جیت درج کی۔ جبکہ ایک سیٹ پر آزاد امیدوار نے بازی ماری۔ مدھیہ پردیش کی امرواڑہ سیٹ اور ہماچل پردیش کی حمیر پور سیٹ پر بی جے پی کو جیت ملی۔ لوک سبھا الیکشن میں اپنے اکیلے دم پر اکثریت حاصل نہیں کرپانے والی بی جے پی کے لئے 2 ماہ کے اندر یہ دوسرا بڑا جھٹکا لگا ہے۔ جبکہ انڈیا الائنس کے لئے ایک طرف سے سنجیونی جیسی ثابت ہوئی ہے۔

ان 10 سیٹوں پر10 جولائی کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس دوران تمل ناڈو کی وکرونڈی سیٹ پر سب سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے تو وہیں اتراکھنڈ کی بدری ناتھ سیٹ پر سب سے کم لوگوں نے ووٹنگ کی۔ بہارمیں پہلے پورنیہ میں پپویادو کے ہاتھوں لوک سبھا الیکشن ہارنے والی آرجے ڈی کی بیما بھارتی کو روپولی اسمبلی ضمنی الیکشن میں بھی کرنٹ لگا۔ اس بار آزاد امیدوارشنکرسنگھ نے انہیں ہرا دیا۔ آئیے جانتے ہیں کہ 13 سیٹوں پر کس کس نے بازی ماری۔

مغربی بنگال کی سبھی سیٹیں ٹی ایم سی کے کھاتے میں

مغربی بنگال اسمبلی کے ضمنی الیکشن کے نتائج میں مغربی بنگال کی باگدا سیٹ پر ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی جیت ہوئی ہے۔ یہاں پرسبھی چاروں سیٹوں پر ٹی ایم سی کو جیت ملی ہے۔ اسے بی جے پی کے لئے بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے۔ قابل ذکرہے کہ ان چاروں سیٹوں میں سے بی جے پی کے تین اراکین اسمبلی کے ٹی ایم سی میں شامل ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں۔

روپولی میں ہار گئیں بیما بھارتی

بہارکے روپولی سیٹ پر ہوئے ضمنی الیکشن میں آزاد امیدوار شنکر سنگھ نے جیت درج کی ہے۔ شنکر سنگھ نے جے ڈی یو کے کلادھرمنڈل اور آرجے ڈی کی بیما بھارتی کو ہرا دیا ہے۔ لوک سبھا الیکشن 2024 میں بیما بھارتی نے پپویادو کے خلاف پورنیہ سے الیکشن لڑا تھا۔ ایسے میں یہ مسلسل دوسری بار ہے جب بیما بھارتی کو آزاد امیدوار سے ہارملی ہے۔

 

اتراکھنڈ کی دونوں سیٹیں کانگریس کے کھاتے میں

اتراکھنڈ کی منگلور اسمبلی سیٹ پر کانگریس نے بازی مارلی ہے۔ کانگریس امیدوار قاضی نظام الدین نے یہاں سے بی جے پی امیدوار کو ہرا دیا ہے۔ وہیں بدری ناتھ سیٹ پر بھی کانگریس نے جیت حاصل کی ہے۔ یہ سیٹ کانگریس رکن اسمبلی کے بی جے پی میں شامل ہوجانے کے بعد استعفیٰ دینے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی، لیکن کانگریس نے اس سیٹ کو اپنے پاس برقرار رکھا۔ دونوں سیٹوں پر کانگریس کی جیت وزیراعلیٰ پشکرسنگھ دھامی کے خلاف بڑا جھٹکا ہے۔

ہماچل پردیش میں کانگریس نے بی جے پی کو ہرایا

ہماچل پردیش کی نالا گڑھ سیٹ پر بھی کانگریس کی جیت ہوئی ہے۔ کانگریس امیدوار بردیپ بابا نے بی جے پی امیدوار کو ہرا دیا۔ اسی کے ساتھ ریاست کی دو اسمبلی سیٹیں کانگریس کے کھاتے میں چلی گئی ہیں۔ ہماچل پردیش میں بڑا الٹ پھیر دیکھنے کو ملا۔ ریاست کی دیہرا سیٹ سے وزیراعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو کی اہلیہ کملیش ٹھاکرنے جیت درج کرلی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے ہوشیار سنگھ کو 9399 ووٹوں سے ہرایا ہے۔ ہماچل پردیش کی تین سیٹوں میں سے دو پرکانگریس اور ایک سیٹ پر بی جے پی کو جیت ملی ہے۔

پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی جیت

پنجاب کی جالندھر سیٹ پرعام آدمی پارٹی کے امیدوارموہندر بھگت نے جیت حاصل کرلی ہے۔ موہیندربھگت نے 37,000   سے زیادہ ووٹوں سے بی جے پی کے شیتل انگورال کو ہرایا ہے۔ یہاں پرکانگریس تیسرے نمبر پررہی۔ قابل ذکرہے کہ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی شیتل انگورال نے 2024 لوک سبھا الیکشن کے درمیان پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور بی جے پی میں شمولیت اختیارکرلی تھی۔ ضمنی الیکشن میں بی جے پی نے انہیں امیدوار بنایا، لیکن انہیں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو ملی جیت

مدھیہ پردیش کی واحد اسمبلی سیٹ کے لئے ہوئی ووٹنگ میں بی جے پی کو کامیابی ملی ہے۔ بی جے پی امیدوار کملیش شاہ نے ایک بارپھر جیت حاصل کی ہے، لیکن انہوں نے اس بارکانگریس کی جگہ بی جے پی امیدوار کے طور پر جیت حاصل کی ہے۔ قابل ذکرہے کہ کملیش شاہ کئی بار کانگریس کے رکن اسمبلی رہے ہیں، 2023 کے اسمبلی الیکشن میں بھی انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر جیت حاصل کی، لیکن بعد وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ بی جے پی نے انہیں امیدوار بنایا اور وہ پھر جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔