Bharat Express

BJP MLA Oppose Akbaruddin Owaisi: اکبرالدین اویسی کو تلنگانہ میں کانگریس نے بنایا پروٹم اسپیکر، بی جے پی نے کیا بائیکاٹ، جانئے سیاسی ہنگامہ آرائی کی وجہ

اے آئی ایم آئی ایم لیڈراکبرالدین اویسی کو ریاستی اسمبلی کا پروٹم اسپیکر نامزد کئے جانے پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے نومنتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری تقریب کا بائیکاٹ کیا۔

تلنگانہ اسمبلی میں اکبرالدین اویسی کو پروٹم اسپیکر بنائے جانے پر بی جے پی نے بائیکاٹ کیا ہے۔

تلنگانہ اسمبلی انتخابات 2023 میں مکمل اکثریت حاصل کرنے کے بعد کانگریس نے ریاستی صدرریونت ریڈی کو وزیراعلیٰ کی ذمہ داری سونپی ہے۔ وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لینے کے بعد ریونت ریڈی حکومت نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن اسمبلی اکبرالدین اویسی کو ریاستی اسمبلی کا پروٹم اسپیکر بنادیا، جس کے بعد بی جے پی کانگریس سے کافی برہم ہوگئی۔ بی جے پی نے اعتراض ظاہر کرتے ہوئے نومنتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری تقریب کا بائیکاٹ کیا۔ اکبرالدین اویسی کو نئے اراکین اسمبلی کو حلف دلانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تلنگانہ میں الیکشن ختم ہوگئے ہیں، لیکن سیاست میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

” اے آئی ایم آئی ایم کے سامنے حلف نہیں لوں گا”

گزشتہ ماہ ہوئے اسمبلی انتخابات میں گوشہ محل سیٹ سے جیتنے والے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ جب تک زندہ ہیں، اے آئی ایم آئی ایم کے سامنے کبھی حلف نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کل وقتی اسپیکرمقررہونے کے بعد ہی حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا میں اس شخص (اکبرالدین اویسی) کے سامنے حلف لے سکتا ہوں، جس نے کئی ہندو مخالف تبصرے کئے تھے۔

پروٹم اسپیکر کے سامنے حلف لینے کا بائیکاٹ

گزشتہ ماہ ہوئے اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کے 8 اراکین اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ پارٹی کی ریاستی یونٹ کے سربراہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی، اکبرالدین اویسی کی تقرری کے خلاف ہے کیونکہ یہ سینئراراکین اسمبلی کو پروٹم اسپیکر تقرری کرنے کی روایت کے خلاف ہے۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ بی جے پی اراکین اسمبلی اس پروٹم اسپیکر کے سامنے حلف لینے کا بائیکاٹ کریں گے۔ ہمارے اراکین اسمبلی اسپیکرکی تقرری ہونے کے بعد حلف اٹھائیں گے۔ ہم ایسی پارٹی (اے آئی ایم آئی ایم) کے ساتھ کبھی اتحاد نہیں کریں گے۔ ہم اس پر گورنر کے پاس جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  Akbaruddin Owaisi appointed as Protem Speaker: کانگریس اور AIMIM کی تکرار ہوسکتی ہے ختم! تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے اکبرالدین اویسی کو سونپی بڑی ذمہ داری

کیا ہوتا ہے اسمبلی کا پروٹوکول؟

پروٹوکول کے مطابق، اسمبلی میں سب سے سینئر رکن اسمبلی کو پروٹم اسپیکر بنایا جاتا ہے۔ اویسی چھٹی بارحیدرآباد کی چندریان گٹا اسمبلی حلقہ (مشترکہ آندھرا اسمبلی سمیت) کے لئے منتخب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے 2023 کے حالیہ الیکشن میں 80 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ کئی سینئر اراکین اسمبلی ہیں، جنہیں پروٹم اسپیکر بنایا جاسکتا تھا، لیکن نئے وزیراعلیٰ اقلیتوں اورآل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) لیڈران کو خوش کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

   -بھارت ایکسپریس

Also Read