آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو۔ (فائل فوٹو)
بہار میں رواں سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ہفتے کے روز انڈیا بلاک کے اتحادیوں نے دارالحکومت پٹنہ میں ایک طویل مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس کا مقصد سیٹوں کی تقسیم سمیت مختلف سیاسی اور انتخابی امور پر غور و خوض کرنا تھا۔ یہ اجلاس اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کی رہائش گاہ پر تقریباً چھ گھنٹے تک جاری رہا۔ اس اجلاس میں کانگریس کی بہار یونٹ کے انچارج کرشنا الوارو، وکاس شیل انسان پارٹی کے صدر مکیش ساہنی اور تین بائیں بازو کی جماعتوں کے لیڈران نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر تیجسوی یادو، جو انڈیا بلاک کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، نے کہا: کہ ’’جی ہاں، سیٹ شیئرنگ پر بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے، لیکن اس وقت تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔ یہ داخلی معاملہ ہے اور جب کوئی فیصلہ ہوجائے گا تب اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔‘‘
تیجسوی نے بہار کی این ڈی اے حکومت کو کہا ’’نقال‘‘
دریں اثنا انھوں نے حکمران نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں قائم حکومت کو ’’نقل کرنے والی حکومت‘‘ قرار دیا، جو ان کے مطابق ان کے منصوبوں جیسے کہ نوجوان کمیشن (یوا آیوگ) اور بوڑھے شہریوں کی پنشن میں اضافے جیسے اقدامات کی نقالی کر رہی ہے۔ تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا کہ وہ جلد ہی ان کی تجویز کردہ ’’مائی بہن سمّان یوجنا‘‘ کی بھی نقل کریں گے، جس کے تحت ان کی پارٹی نے اقتدار میں آنے پر خواتین کو ہر ماہ 2,500 روپیے کی مالی امداد کا وعدہ کیا ہے۔
وہیں ریاست میں قانون اور امن و امان کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ عوام این ڈی اے حکومت سے تنگ آ چکے ہیں کیونکہ حکومت کے پاس نہ کوئی وژن ہے اور نہ ہی جرائم پر قابو پانے کی صلاحیت۔ انھوں نے کہا کہ بہار میں اب ’’جنگل راج‘‘ واقعی چل رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


