نئی دہلی: اڈانی گروپ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے کہ اس کی قابل تجدید توانائی سے متعلق کمپنی اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ (اے جی ای ایل) نے قانونی ذمہ داریوں کو کم کرنے کے مقصد سے اپنے تارالی پمپڈ اسٹوریج پروجیکٹ (پی ایس پی) کی تخمینہ لاگت گھٹانے کی کوشش کی تھی۔ گروپ کا کہنا ہے کہ جنگلات اور وائلڈ لائف سے متعلق منظوری کے لیے آن لائن تجویز میں درج اعداد و شمار صرف ابتدائی مقام کی جانچ اور سروے کے اخراجات سے متعلق تھے۔ گروپ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ آن لائن تجویز صرف مقام کی تحقیق کے مقصد سے پیش کی گئی تھی، جبکہ ریاستی وائلڈ لائف بورڈ (ایس بی ڈبلیو ایل) نے منصوبے کی مجموعی لاگت 5,675 کروڑ روپے تسلیم کی تھی۔
56.75 کروڑ روپے صرف سروے اور ابتدائی تحقیق کے اخراجات
میڈیا رپورٹ کے جواب میں گروپ نے کہا، ’’چونکہ مقام کی تحقیق کے اخراجات منصوبے کی مجموعی لاگت کا تقریباً ایک فیصد ہوتے ہیں، اس لیے آن لائن تجویز کے لیے منصوبے کی 56.75 کروڑ روپے کی لاگت کی وضاحت فراہم کی گئی تھی، جو صرف مقام کی تحقیق اور سروے کے اخراجات کی نمائندگی کرتی ہے۔‘‘ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اڈانی گرین انرجی نے مہاراشٹر میں اپنے 1,500 میگاواٹ کے تارالی پمپڈ اسٹوریج پروجیکٹ کی اعلان کردہ لاگت 5,675 کروڑ روپے سے گھٹا کر 56.75 کروڑ روپے کر دی تھی۔ یہ تبدیلی ایک ترمیم شدہ حلف نامے کے ذریعے کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق، اس کے نتیجے میں سہیا دری ٹائیگر ریزرو کے لیے لازمی وائلڈ لائف کنزرویشن تعاون کی رقم بھی 227 کروڑ روپے سے کم ہو کر تقریباً 2.27 کروڑ روپے رہ گئی تھی۔ اس معاملے کے بعد مرکز نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
محفوظ جنگلات یا وائلڈ لائف علاقوں پر نہیں ہوگا کسی طرح کا اثر
اڈانی گروپ نے اس الزام کو بھی مسترد کیا کہ لاگت میں کمی کا مقصد جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق اخراجات گھٹانا تھا۔ گروپ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں کسی محفوظ جنگلاتی یا وائلڈ لائف علاقے کی زمین شامل نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا، ’’تارالی پمپڈ اسٹوریج پروجیکٹ مکمل طور پر نجی اور غیر جنگلاتی زمین پر واقع ہے اور کوئنا وائلڈ لائف سینکچری سے 3.2 کلومیٹر دور ہے۔‘‘ گروپ کے مطابق، یہ منصوبہ سہیا دری ٹائیگر ریزرو کے نوٹیفائیڈ بفر زون سے باہر واقع ہے اور نہ تو ٹائیگر کوریڈور کو متاثر کرتا ہے اور نہ ہی اس کے ساتھ واقع ہے۔ اسی طرح کسی نوٹیفائیڈ ایکو سینسیٹیو زون (ای ایس زیڈ) پر بھی اس کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔ بیان میں مزید کہا گیا، ’’اس منصوبے کے لیے کسی بھی محفوظ علاقے، ریزرو جنگل یا نوٹیفائیڈ ایکو سینسیٹیو زون کی زمین کو غیر جنگلاتی استعمال میں تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




