پرینکا گاندھی نے راہل گاندھی پر متنازعہ تبصرہ کی وجہ سے بی جے پی-آرایس ایس کی تنقید کی ہے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کوبی جے پی اورراشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آرایس ایس) پرحملہ بولا ہے۔ پرینکا گاندھی واڈرا نے ٹوئٹ کرکے بی جے پی اورآرایس ایس پرتنقید کی ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی جیسے جیسے مضبوطی سے عوام کی آوازاٹھا رہے ہیں، ویسے ویسے ان کے خلاف زبانی اورنظریاتی تشدد میں کافی اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا ملک کے کروڑوں پسماندہ، آدیواسیوں، دلتوں اورغریبوں کی آوازاٹھانا اتنا بڑا جرم ہے؟ پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی لیڈرآف اپوزیشن راہل گاندھی کو”ان کی دادی جیسا حال“ بنا دینے کی دھمکیاں دینے لگی ہے۔
پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ ایک کے بعد ایک غیرمہذب، پرتشدد اورغیرانسانی بیانات سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ایک منظم اورمنصوبہ بند مہم ہے۔ جوملک کی جمہوریت کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بھی زیادہ خطرناک بات یہ ہے کہ وزیراعظم، وزیرداخلہ اورآرایس ایس-بی جے پی کی پوری قیادت اس کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اورکوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ دورے پر سکھوں کی سیکورٹی کا موضوع اٹھانے پر دہلی بی جے پی کے لیڈراورسابق رکن اسمبلی ترویندرسنگھ ماروا نے کہا تھا کہ راہل گاندھی بازآجا، نہیں تو آنے والے ٹائم میں تیرا بھی وہی حال ہوگا جوتیری دادی کا ہوا۔
اسٹالن نے بی جے پی لیڈرپربولا حملہ، بیان کی مذمت کی
اس درمیان تمل ناڈوکے وزیراعلیٰ اورڈی ایم کے لیڈرایم کے اسٹالن نے بی جے پی لیڈرکے بیان کی مذمت کی۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ میڈیا میں آئی خبروں سے گہرا صدمہ لگا ہے کہ بی جے پی لیڈرنے دھمکی دی ہے کہ راہل گاندھی کا بھی ان کی دادی جیسا ہی حشرہوگا اورایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کے ایک رکن اسمبلی نے زبان کاٹنے پرانعام کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی دیگرطرح دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے کرشمہ اوربڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت نے واضح طورپرکئی لوگوں کوبے چین کردیا ہے، جس کے سبب اس طرح کی گھناؤنی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ مرکزی حکومت کواپوزیشن لیڈرکی سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے تیزی سے کارروائی کرنی چاہئے اوریہ تصدیق کرنی چاہئے کہ ہماری جمہوریت میں دھمکی اورتشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
بھارت ایکسپریس–