Bharat Express DD Free Dish

Piyush Goyal On Rahul Gandhi Post: وزیر اعظم مودی کے اٹلی میں ٹافیاں بانٹنے والی راہل گاندھی کی پوسٹ پر پیوش گوئل کا پلٹ وار، بولے- ”بھارت میں بنی ہر چیز سے اتنی نفرت کیوں؟“

پیوش گوئل نے کہا کہ عالمی سطح پر جو عزت، سرمایہ کاری اور اعتماد حاصل کرنے کے لیے بھارت نے کئی دہائیوں تک انتظار کیا، وہ آج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ممکن ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق یہی کامیابیاں اپوزیشن کو برداشت نہیں ہو رہیں۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے، جس میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اٹلی دورے کے دوران ٹافی تقسیم کرنے کو نشانہ بنایا تھا۔ پیوش گوئل نے سوال اٹھایا کہ آخر راہل گاندھی کو بھارت اور بھارت میں تیار ہونے والی ہر چیز سے اتنی نفرت کیوں ہے۔ دراصل وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پانچ ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں اٹلی پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے دوران وزیراعظم مودی نے انہیں بھارت میں تیار ہونے والی مشہور ٹافی ”میلوڈی“ تحفے میں دی۔ اس واقعے کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد راہل گاندھی نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”معاشی طوفان سر پر ہے اور ہمارے وزیراعظم اٹلی میں ٹافیاں بانٹ رہے ہیں“۔ راہل گاندھی کے اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کو بھارت اور ”میڈ اِن انڈیا“ مصنوعات سے مسلسل مسئلہ رہتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ آج بھارت ”لوکل گوز گلوبل“ مہم کے تحت دنیا میں ایک قابل اعتماد مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، مگر کانگریس کو ہر بھارتی کامیابی میں خامیاں ہی دکھائی دیتی ہیں۔ پیوش گوئل نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر جو عزت، سرمایہ کاری اور اعتماد حاصل کرنے کے لیے بھارت نے کئی دہائیوں تک انتظار کیا، وہ آج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ممکن ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق یہی کامیابیاں اپوزیشن کو برداشت نہیں ہو رہیں۔

اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے بھی وزیراعظم مودی کے تحفے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تقریباً 12 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ وزیراعظم مودی کے ساتھ نظر آئیں۔ ویڈیو میں میلونی کہتی ہیں کہ ”وزیراعظم مودی ہمارے لیے بہت اچھا تحفہ لائے ہیں۔ یہ ٹافیاں ہیں جو بہت مزیدار ہیں“۔ اس کے بعد وزیراعظم مودی ویڈیو میں میلوڈی ٹافی کا پیکٹ دکھاتے ہوئے مسکراتے نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی اور متعدد صارفین نے اسے بھارت کی ثقافتی اور تجارتی شناخت سے جوڑ کر دیکھا۔ وزیراعظم مودی کے روم پہنچنے پر اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ دونوں لیڈروں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ایک معمولی تحفے پر شروع ہونے والی بیان بازی اب سیاسی بحث کی نئی شکل اختیار کر چکی ہے۔

بھارت ایکپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read