فروری 2020 کے دہلی فسادات کی مبینہ سازش کے معاملے میں ملزم جے این یو کے سابق طالب علم عمر خالد اور شرجیل امام کی جانب سے دائر درخواستوں پر 25 نومبر کو سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی۔ اس معاملے کی سماعت چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ کرے گی۔اس سے پہلے دہلی ہائی کورٹ نے دونوں ملزمین کو ضمانت دینے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد دونوں نے راحت کی امید میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
جنوری 2026 میں سپریم کورٹ نے عائد کی تھی یہ شرط
اس سے پہلے 5 جنوری 2026 کو سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے انہیں مبینہ سازش کا ’’نظریاتی محرک‘‘ قرار دیا تھا۔ تاہم، اسی معاملے میں گل فشاں فاطمہ سمیت پانچ دیگر ملزمین کو ضمانت مل چکی ہے۔ضمانت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے شرط عائد کی تھی کہ دونوں ایک سال تک دوبارہ ضمانت کی درخواست دائر نہیں کر سکتے۔ ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر اس سے پہلے محفوظ گواہوں کی گواہی مکمل ہوجاتی ہے تو وہ دوبارہ ضمانت کے لیے عرضی داخل کر سکتے ہیں۔نئی درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ ایک سال تک ضمانت کی درخواست دائر کرنے پر عائد پابندی کی مدت ختم ہونے والی ہے، جب کہ محفوظ گواہوں کی گواہی 5 جنوری 2027 تک مکمل ہونے کا امکان نہیں ہے۔ درخواست گزاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں کافی عرصے سے جیل میں بند ہیں۔
ہائی کورٹ نے مساوات کی دلیل مسترد کردی تھی
ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران شرجیل امام کے وکیل نے دلیل دی تھی کہ شریک ملزمین تسلیم احمد اور خالد سیفی کو مقدمے کی سماعت میں تاخیر کی بنیاد پر ضمانت مل چکی ہے، اس لیے شرجیل امام کو بھی اسی بنیاد پر راحت دی جانی چاہیے۔تاہم، ہائی کورٹ نے اس دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ تسلیم احمد اور خالد سیفی کا کردار عمر خالد اور شرجیل امام سے مختلف ہے۔ اس لیے یکساں سلوک کی بنیاد پر دونوں کو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔سماعت کے دوران عدالت نے پوچھا تھا کہ کیا فریقین جنوری 2027 کے پہلے ہفتے تک انتظار کرنا چاہیں گے؟ عدالت نے یہ بھی بتایا تھا کہ سپریم کورٹ میں ایک دیگر ملزم اطہر خان کی ضمانت کی درخواست بھی زیر التوا ہے۔ اس پر دونوں ملزمین کے وکلا نے جنوری تک انتظار کرنے کے بجائے ہائی کورٹ سے فوری حکم جاری کرنے پر زور دیا تھا۔
نچلی عدالت میں کیا ہوا تھا؟
دہلی پولیس نے اپنے جواب میں دونوں ملزمین کو 2020 کے دہلی فسادات کا ’’ماسٹر مائنڈ‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کی ضمانت کی درخواستوں کو قانونی طور پر ناقابل قبول بتایا تھا۔پولیس نے یہ بھی کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے جنوری 2026 میں دونوں کے کردار کو ’’کمانڈ اتھارٹی‘‘ والا قرار دیتے ہوئے انہیں دیگر شریک ملزمین سے الگ مانا تھا۔اس سے پہلے کڑکڑڈوما عدالت نے 4 جولائی کو دونوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔ عدالت نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ یعنی یو اے پی اے کے معاملات میں ضمانت سے متعلق سوال کو بڑی بنچ کے پاس بھیج دیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ عمر خالد، شرجیل امام، گل فشاں فاطمہ، میران حیدر، شفا الرحمٰن، محمد سلیم خان اور شاداب احمد کے خلاف یو اے پی اے اور بھارتی تعزیراتِ ہند کی مختلف دفعات کے تحت الزامات درج ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



