ویبھو سوریہ ونشی کے بلے سے رنز کی بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ منگل کو دوحہ میں کھیلے جا رہے اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ کے انتہائی اہم مقابلے میں انڈیا اے کی جانب سے کھیلتے ہوئے ویبھو نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف محض 28 گیندوں میں سنچری جڑ کر لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے تیز سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 250 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اوپننگ کرنے اترے ویبھو نے پہلی ہی گیند سے یو اے ای کے گیند بازوں پر حملے شروع کردیے۔ انہوں نے صرف 16 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پھر اگلی 12 گیندوں میں سنچری تک پہنچ کر آسٹریلیا کے جیک فریزر میک گرک کا تیز ترین لسٹ اے سنچری کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ یہی نہیں، ویبھو نے 52 گیندوں میں اپنی ڈبل سنچری بھی مکمل کرلی۔ یہ ان کے کرکٹ کیریئر کی محض دوسری لسٹ اے سنچری ہے۔
ایک ہی اننگز میں روہت شرما اور رتوراج گائیکواڑ کو چھوڑا پیچھے
اپنی اس طوفانی اننگز کے دوران ویبھو سوریہ ونشی نے میدان کے چاروں طرف مجموعی طور پر 22 چھکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لسٹ اے کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ہندوستانی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر روہت شرما اور رتوراج گائیکواڑ کے نام تھا، جنہوں نے ایک اننگز میں 16، 16 چھکے لگائے تھے۔ دوحہ کے میدان میں ویبھو کی اس دھواں دھار بلے بازی نے حریف ٹیم کے گیند بازوں کو پوری طرح بے بس کردیا۔
اس سے پہلے بھی ویبھو کئی بڑے کارنامے انجام دے چکے ہیں
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ویبھو نے کرکٹ کی دنیا کو حیران کیا ہو۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی بڑے ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔
آئی پی ایل 2026 کے سب سے بڑے اسٹار: ویبھو نے آئی پی ایل 2026 کے 16 میچوں میں 237.30 کے دھماکہ خیز اسٹرائیک ریٹ سے 776 رنز بنائے اور اورنج کیپ کے ساتھ ایم وی پی (MVP) کا خطاب بھی حاصل کیا۔ اسی سیزن میں 72 چھکے لگا کر انہوں نے کرس گیل کا ہمہ وقتی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
11 گیندوں میں لسٹ اے نصف سنچری: جون 2026 میں کولمبو میں سری لنکا اے کے خلاف سہ فریقی سیریز کے فائنل میں انہوں نے محض 11 گیندوں میں نصف سنچری جڑ کر 21 سال پرانا عالمی ریکارڈ توڑا تھا۔ اس سے پہلے 26-2025 وجے ہزارے ٹرافی میں اروناچل پردیش کے خلاف 14 سال اور 272 دن کی عمر میں 36 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ اس میچ میں انہوں نے 84 گیندوں میں 190 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور لسٹ اے کرکٹ میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے تھے۔
انڈر 19 ورلڈ کپ اور بین الاقوامی ڈیبیو: ہندوستان کی 2026 انڈر 19 ورلڈ کپ کی جیت میں ویبھو ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ رہے۔ فائنل میں انگلینڈ کے خلاف انہوں نے 80 گیندوں میں 175 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ 4 جولائی 2026 کو انگلینڈ کے خلاف 15 سال اور 99 دن کی عمر میں ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرکے وہ ہندوستان کے سب سے کم عمر مرد بین الاقوامی کھلاڑی بنے۔ زمبابوے کے خلاف انہوں نے 19 گیندوں میں نصف سنچری بنا کر بین الاقوامی کرکٹ میں کم عمری میں نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ وہ 2026 ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




