نئی دہلی: پنجاب میں اسمبلی انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اورشرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے درمیان 6 سال بعد ایک بارپھراتحاد ہوگیا ہے۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد کا اعلان آج گرونانک دیوکے یومِ پیدائش کے موقع پرکیا گیا۔ دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹرپرپارٹی کے قومی صدر نتن نبین، مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ اورشرومنی اکالی دل کے صدرسکھبیرسنگھ بادل نے مشترکہ طورپراتحاد کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ تین زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اکالی دل نے بی جے پی سے اپنا اتحاد توڑلیا تھا۔
مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے بی جے پی اوراکالی دل کے درمیان اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج سکھبیرسنگھ بادل کا این ڈی اے میں خیرمقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد ہندواورسکھ اتحاد کی علامت ہے۔ اب دونوں پارٹیاں مل کرپنجاب اسمبلی کا انتخاب لڑیں گی۔ امت شاہ نے کہا کہ این ڈی اے کا مقصد پنجاب کونشہ سے پاک بنانا ہے۔ ہم پنجاب سے وعدہ کرتے ہیں کہ 31 دسمبر2029 تک ریاست کونشہ سے پاک کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں پارٹیوں نے پنجاب کونشہ سے پاک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے کسانوں کے مفاد میں بھی کئی فیصلے کئے جائیں گے۔
117 میں سے 55 سیٹوں پرالیکشن لڑنا چاہتی ہے بی جے پی
میڈیا رپورٹس کے مطابق، دونوں پارٹیوں کے درمیان اتحاد توہوگیا ہے، لیکن سیٹوں کی تقسیم سے متعلق اختلافات برقرارہیں۔ بی جے پی تقریباً 55 سیٹوں پرالیکشن لڑنا چاہتی ہے، جبکہ اکالی دل اسے تقریباً 45 سیٹیں دینے کے لیے تیارہے۔ بی جے پی اوراکالی دل 1996 سے ستمبر2020 تک اتحاد میں رہے تھے۔ اس دوران پنجاب کی 117 اسمبلی سیٹوں میں سے اکالی دل 94 اوربی جے پی 23 سیٹوں پرالیکشن لڑتی تھی۔ دونوں پارٹیوں نے 1997، 2007 اور 2012 میں مل کرپنجاب میں حکومت بھی بنائی تھی۔
2020 میں کیوں ٹوٹا تھا اتحاد؟
ستمبر2020 میں مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اکالی دل نے بی جے پی سے اپنا اتحاد ختم کرلیا تھا۔ اکالی دل کی لیڈرہرسمرت کوربادل نے بھی مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اب تقریباً 6 سال بعد دونوں پارٹیاں ایک بارپھرساتھ آگئی ہیں۔ اس باربی جے پی پہلے کے مقابلے زیادہ سیٹوں پرانتخاب لڑنا چاہتی ہے۔ بی جے پی اب اکالی دل کے ساتھ اتحاد میں چھوٹے اتحادی کی حیثیت سے نہیں بلکہ برابرکی شراکت دار کے طورپرانتخابی میدان میں اترنا چاہتی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

