Bharat Express DD Free Dish

Putting Skills At the Center: ہنر کو مرکزی مقام: بھارت میں ورلڈ اسکلز ایشیا 2027 کا انعقاد

بھارتی تہذیب نے ہمیشہ تخلیق کاروں اور ہنرمندوں کو عزت دی ہے۔ ہم اپنی کارگاہوں اور کارخانوں میں بھگوان وشوکرما کی پوجا کرتے ہیں، اپنے دستکاروں کی جدت طرازی پر فخر کرتے ہیں اور ان کی تیار کردہ اشیا کی قدر کرتے ہیں۔ اس کے باوجود، بہت سے خاندانوں کے لیے ہنرمندی کا حصول آج بھی دوسرا انتخاب ہے۔ ترجیح اب بھی ڈگری حاصل کرنے کو دی جاتی ہے، حالاںکہ کوئی اچھی فنی اہلیت روزگار اور پیشہ ورانہ اطمینان کے حصول کا زیادہ براہِ راست راستہ فراہم کر سکتی ہے۔

تحریر: جینت چودھری، مرکزی وزیر

2014 میں عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کہا تھا کہ ہمارے ملک کی ترقی میں ’شرمیو جیتے‘ کی طاقت بھی ’ستیَمَیو جَیتے‘ کے برابر ہے۔ کل لکھنؤ میں پانچویں ’کوشل دیکشانت سماروہ‘ یعنی ہنرمندی کے شعبے کی فارغ التحصیلی تقریب میںاس یقین نے ایک اہم پیش رفت کی، جہاں ہمارے بہترین تربیت یافتہ افراد کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔عزت مآب وزیر اعظم نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے اعلان کیا کہ بھارت 2027 میں ورلڈ اسکلز ایشیا کے اگلے مقابلے کی میزبانی اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں کرے گا۔ محض ایک سال قبل بھارت نے ورلڈ اسکلز ایشیا میں شرکت کے لیے اپنا پہلا دستہ بھیجا تھا اور اب پہلی مرتبہ ورلڈ اسکلز کا کوئی مقابلہ بھارت میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کا ہنرمندی کا نظام اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہا ہے اور دنیا اس کا اعتراف کر رہی ہے۔

بھارتی تہذیب نے ہمیشہ تخلیق کاروں اور ہنرمندوں کو عزت دی ہے۔ ہم اپنی کارگاہوں اور کارخانوں میں بھگوان وشوکرما کی پوجا کرتے ہیں، اپنے دستکاروں کی جدت طرازی پر فخر کرتے ہیں اور ان کی تیار کردہ اشیا کی قدر کرتے ہیں۔ اس کے باوجود، بہت سے خاندانوں کے لیے ہنرمندی کا حصول آج بھی دوسرا انتخاب ہے۔ ترجیح اب بھی ڈگری حاصل کرنے کو دی جاتی ہے، حالاںکہ کوئی اچھی فنی اہلیت روزگار اور پیشہ ورانہ اطمینان کے حصول کا زیادہ براہِ راست راستہ فراہم کر سکتی ہے۔ ’کوشل دیکشانت سماروہ‘ کا تصور اسی یقین کے ساتھ پیش کیا گیا تھا کہ کسی صنعتی تربیتی ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوان الیکٹریشن یا مشین ساز کو بھی اتنی ہی باوقار تقریب ملنی چاہیے، جتنی کسی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طالب علم کو ملتی ہے۔ وشوکرما جینتی کے موقع پر 2022 میں پہلی بار منعقد ہونے والی اس تقریب نے یہ ثابت کیا کہ فنی تعلیم کی بے پناہ اہمیت ہے۔ اگر ایسی تقریب فنی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ان کی حقیقی قدر و منزلت کا احساس دلاتی ہے، تو کسی بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی پوری قوم کو یہ پیغام دیتی ہے کہ ان کی مہارت عالمی سطح پر بھی قابلِ قدر ہے۔ کل لکھنؤ میں منعقدہ تقریب نے یہ دکھایا کہ نئی نسل کی صلاحیتیں کہاں سے ابھر کر سامنے آئیں گی۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں مغربی بنگال کے رام کرشن مشن بلائنڈ بوائز اکیڈمی کے نابینا دھات کاٹنے کی تربیت حاصل کرنے والے امیت بیراگی، پوری کے موٹر گاڑیوں کے مستری سپریتی موہاپاترا اور الیکٹرانکس کے مستری شہباز خان شامل تھے، جنہوں نے علی گنج میں اسی ہال سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر تربیت حاصل کی تھی، جہاں انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔ 52 نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں نصف سے زیادہ خواتین تھیں۔

مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جیسے جیسے زیادہ آجر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو اپنا رہے ہیں، ویسے ویسے اعلیٰ مہارت رکھنے والے کارکنوں کی مانگ بڑھ رہی ہے، جب کہ حالیہ فارغ التحصیل نوجوانوں کو کئی برسوں کے سب سے دشوار روزگار بازار کا سامنا ہے۔ اے ڈی پی کی ’پیپل ایٹ ورک 2026‘ رپورٹ کے مطابق، بھارت میں 80 فیصد ملازمین ہفتے میں کئی مرتبہ مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہیں اور 41 فیصد تقریباً روزانہ اس کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ شرح سروے میں شامل تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہے، جس سے بھارت کو موجودہ حالات میں ایک منفرد موقع حاصل ہوا ہے۔ دنیا بھر میں ہونے والی تحقیق بھی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہنرمندی کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کے مطابق، 2030 تک 17 کروڑ نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، جب کہ 9 کروڑ 20 لاکھ موجودہ ملازمتیں ختم ہو جائیں گی۔ فورم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہر 100 کارکنوں میں سے 59 کو تربیت کی ضرورت ہوگی۔ ’دی اکانومسٹ‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، مصنوعی ذہانت کے باعث اب تک امریکہ میں تقریباً 10 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں، جب کہ اس کے سبب تقریباً 2 لاکھ ملازمین کی برطرفی کی بات سامنے آئی ہے۔ ان میں سے بہت سی نئی ملازمتیں ایسے الیکٹریشنز، تکنیکی ماہرین اور تنصیب کاروں کے لیے ہیں، جو ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر اور دیکھ بھال کرتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت ہنرمند افرادی قوت کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی ضرورت بھی بڑھا رہی ہے۔ اسی سمت میں عزت مآب وزیر اعظم نے گزشتہ سال کی فارغ التحصیلی تقریب میں ’پی ایم-سیتو‘ کا آغاز کیا تھا۔ اس اسکیم کے لیے 60,000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت 1,000 صنعتی تربیتی اداروں کو جدید بنایا جائے گا۔ اب یہ اسکیم منصوبہ بندی سے عملی نفاذ کی جانب بڑھ رہی ہے اور 15 کلسٹروں کے لیے سرمایہ کاری کے منصوبوں کو منظوری دی جا چکی ہے، جن میں سے ہر ایک کے ساتھ ایک اہم صنعتی شراکت دار وابستہ ہوگا۔ ہمارے ادارے ان کے مطابق کارگاہیں اور تجربہ گاہیں قائم کریں گے، جبکہ آجروں کو مطلوبہ ہنرمند افراد ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گے۔

ورلڈ اسکلز ایشیا جیسے مقابلے ہنرمندی کی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ گزشتہ نومبر میں تائی پے میں منعقدہ ورلڈ اسکلز ایشیا مقابلے میں اپنی پہلی شرکت کے موقع پر بھارت نے 29 ممالک میں آٹھویں مقام پر کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب، 2015 میں ساؤ پاؤلو میں منعقدہ ورلڈ اسکلز مقابلے میں 29ویں مقام پر رہنے کے بعد، ہم نے اس سال ستمبر میں شنگھائی میں پہلی مرتبہ سرفہرست 10 ممالک میں جگہ بنائی۔ ایسے مقابلوں کی اہمیت کا اندازہ صرف تمغوں یا درجہ بندی سے نہیں لگایا جا سکتا۔ ان کے اثرات کہیں زیادہ گہرے ہوتے ہیں اور ان سے پیدا ہونے والی امنگوں میں بھی پوشیدہ ہوتے ہیں۔ انسان جس چیز کو قریب سے دیکھتا ہے، اس کا حصہ بننے کی خواہش بھی اسی کے دل میں پیدا ہوتی ہے۔ 1997 میں 15 سالہ جھولن گوسوامی ایڈن گارڈنز کے میدان کی حد پر کھڑی ہو کر خواتین کے عالمی کپ کا فائنل دیکھ رہی تھیں۔ وہ اس میدان سے بھارت کے لیے کھیلنے کے عزم کے ساتھ واپس لوٹیں اور آگے چل کر خواتین کی یک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی کھلاڑی بنیں۔ گریٹر نوئیڈا، جہاں انڈیا اسکلز قومی مقابلہ 2025-26 منعقد ہوا تھا، اب بہت سے مزید خواہش مند نوجوانوں کو وہی منظر دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا، جس کا مشاہدہ اب تک صرف مقابلے میں حصہ لینے والے ہی کر سکتے تھے۔ اتر پردیش کا کوئی تربیت یافتہ نوجوان، جو ابھی مقابلے کا حصہ نہیں بنا ہے، اس ہال میں داخل ہو کر ایشیا کے بہترین ہنرمندوں کو قریب سے کام کرتے ہوئے دیکھ سکے گا اور اگلی بار اسی اسٹیج پر کھڑے ہونے کا ہدف مقرر کر سکے گا۔

ورلڈ اسکلز ایشیا کی میزبانی کی تیاریوں سے بین الاقوامی معیار اور تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع بھی ملے گا، جس سے تجارتی ہنرمندی کے امتحانات، جانچ کے طریقۂ کار اور تربیت کے معیار کے بارے میں ہماری سوچ کو نئی سمت ملے گی۔ بھارتی تربیت کار اور صنعتی ماہرین ایشیا کے دیگر ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کر سکیں گے، جب کہ یہ مقابلہ ہنرمندی کے شعبے کو اسکول کے طلبہ اور ان کے خاندانوں کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ریاستی اور قومی سطح پر منعقد ہونے والے انڈیا اسکلز مقابلے اس سفر کا ایک اہم حصہ ہوں گے۔ یہ مقابلے صلاحیتوں کی شناخت، ہنرمندی کی جانچ اور نوجوان مقابلہ کرنے والوں کو دباؤ کے حالات میں اپنی کارکردگی دکھانے کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔ نوجوانوں کے جوش و جذبے کی تصدیق انڈیا اسکلز 2026-27 کے لیے موصول ہونے والے ردعمل سے بھی ہوتی ہے، جس میں اب تک 63 ہنرمندیوں کے شعبوں میں 4.5 لاکھ سے زیادہ اندراجات ہو چکے ہیں۔

وزارت ہنرمندی کی ترقی اور کاروبار کی وزارت کے قیام کے بعد سے اس محکمے نے ایسے ضوابط، معیارات اور ادارے تشکیل دیے ہیں، جو عالمی معیار کی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ ورلڈ اسکلز ایشیا کی میزبانی، بھارت کو عالمی ہنرمندی کا مرکز بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ یہ راستہ آسان نہیں، جیسا کہ رومی مصنف سینیکا نے لکھا ہے: ’نون ایسٹ اَڈ آسٹرا مولِس ای ٹیرِس ویا‘، یعنی زمین سے ستاروں تک پہنچنے کا راستہ آسان نہیں ہوتا۔ ہر تمغے کے پیچھے ایک ایسا تربیت یافتہ نوجوان ہوتا ہے، جس نے آسان راستے کے بجائے محنت کا انتخاب کیا۔ 2027 میں ایشیا ہمارے دروازے پر دستک دے گا اور بھارت دنیا کو ان ستاروں کی جھلک دکھائے گا، جن تک پہنچنے کے لیے اس کے ہنرمند ہاتھ کوشاں ہیں۔

مضمون نگار: جینت چودھری، مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزارت ہنرمندی کی ترقی اور کاروبار، مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read