شرد پوار اور سپریا سولے۔ (فائل فوٹو)
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کی کارگزارصدراوررکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے این ڈی اے میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کوازسرنوخارج کردیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی کسی کے دباومیں کام کرنے والی نہیں ہے۔ سپریا سولے نے واضح طورپرکہا کہ ان کی پارٹی انڈیا الائنس کا حصہ ہے اورحد بندی (ڈیلمیٹیشن) جیسے اہم موضوع پراتحاد کی سبھی پارٹیاں مل کرفیصلہ کریں گی۔
حد بندی سے متعلق ابھی کوئی تجویزنہیں
سپریا سولے نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ابھی تک مرکزی حکومت کی طرف سے حد بندی (ڈیلمیٹیشن) سے متعلق کوئی بل یا باضابطہ تجویز ان کے پاس نہیں آئی ہے۔ ایسے میں حمایت یا مخالفت کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ایسی کوئی تجویزآئے گی توانڈیا الائنس میں شامل سبھی پارٹیوں کے ساتھ تفصیلی بحث کے بعد پارٹی اپنا رخ طے کرے گی۔ وہیں خواتین ریزرویشن سے متعلق سوال پرانہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے منظورشدہ 33 فیصد خواتین ریزرویشن قانون کو پہلے نافذ کیا جانا چاہئے۔ سپریا سولے کے مطابق، نہ توانڈیا الائنس اورنہ ہی این سی پی (ایس پی) نے حد بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
امت شاہ اورکرن رجیجو کے ساتھ میٹنگ میں کیا ہوا؟
سپریا سولے نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بجٹ سیشن کے دوران مرکزی وزیرکرن رجیجونے انہیں اسدالدین اویسی اوراروند ساونت کوبات چیت کے لئے بلایا تھا۔ وہاں وزیر داخلہ امت شاہ بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں سبھی ریاستوں میں موجودہ لوک سبھا سیٹوں میں 50 فیصد اضافہ کے ایک ممکنہ فارمولے پرتبادلہ خیال ہوا تھا تاکہ کسی ریاست کے ساتھ آبادی کی بنیاد پرحد بندی میں کوئی عدم توازن نہیں ہونا چاہئے۔ حالانکہ بعد میں آئے بل میں اس تجویزکا ذکرنہیں تھا۔ سپریا سولے نے کہا کہ شرد پوارکی قیادت میں انڈیا الائنس نے اس بل پرحکومت کوایک خط بھی لکھا تھا اورآل پارٹی میٹنگ بلاکر تبادلہ خیال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں ایسے بڑے فیصلے وسیع اتفاق رائے سے ہونا چاہئے۔
دونوں این سی پی کے انضمام سے متعلق سپریا سولے نے کیا کہا؟
این سی پی کے دونوں گروپوں کے انضمام سے متعلق سوال پروہ جذباتی ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی اجیت پوار کی خواہش تھی کہ دونوں گروپ ساتھ آئیں، لیکن ان کے انتقال کے بعد اب اس موضوع پرکوئی تبادلہ خیال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال پارٹی کی پوری توجہ عوام سے وابستہ موضوعات اورتنظیم پرہے۔ این ڈی اے میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں پرسپریا سولے نے دہرایا کہ آج کی تاریخ میں پارٹی کے اندرایسی کسی تجویزپرتبادلہ خیال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی 8 اراکین پارلیمنٹ متحد ہیں اورپارٹی کا ہرفیصلہ اجتماعی طورپرلیا جائے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




