Bharat Express DD Free Dish

Cricketer Yuzvendra Chahal Joins BJP: بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل نے سیاست میں رکھا قدم، بی جے پی میں شمولیت کے بعد ملی بڑی ذمہ داری

بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف اسپنر یوزویندر چہل کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی او بی سی مورچہ کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی میں اسپیشل انوائٹی رکن بنایا گیا ہے۔ پارٹی نے قومی صدر نتن نوین کی ہدایت پر مختلف عہدوں پر کئی دیگر لیڈروں کی بھی تقرری کی ہے، جن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نئی دہلی: بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے ہیں۔ ہفتہ کے روز بی جے پی نے معروف اسپنر کو پارٹی کے قومی او بی سی مورچہ کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی میں اسپیشل انوائٹی رکن مقرر کیا ہے۔ یہ تقرری پارٹی کے قومی صدر نتن نوین کی ہدایت کے مطابق عمل میں آئی ہے۔ اس کے تحت قومی عہدیداران، قومی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان اور خصوصی مدعو ارکان مقرر کیے گئے ہیں، جن کی تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہیں۔

قومی او بی سی مورچہ میں کئی لیڈروں کو نئی ذمہ داریاں

بی جے پی نے قومی او بی سی مورچہ میں کئی لیڈروں کو نئی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ آسام کے جوگین موہن، اڈیشہ کی ممتا موہنتا، اتر پردیش کے سنگم لال گپتا اور سنگیتا بلونت بند، مہاراشٹر کے ببن راؤ راجی چودھری، دہلی کے ست پرکاش رانا اور بہار کے ڈاکٹر ارجن سہنی کو قومی نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی کے راجندر یادو، کرناٹک کے پرمود مدھوراج اور چھتیس گڑھ کے للت گنگراکار کو قومی جنرل سکریٹری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ قومی سکریٹری کے طور پر گجرات کے دشرتھ جی ٹھاکور، تمل ناڈو کے ٹی بھرتھ راجن، جھارکھنڈ کے سنجیو کمار (ببلو بھگت)، ہریانہ کی سرتا جانگڑ، تلنگانہ کے کڈنگی رمیش، مدھیہ پردیش کے ویبھو پوار اور بہار کے بھیم کمار ساہو مقرر کیے گئے ہیں۔ اتر پردیش کے رادھے شیام یادو کو قومی خزانچی، دہلی کے سنجے کمار گپتا کو قومی دفتر سکریٹری اور دہلی کے ڈاکٹر ارون یادو کو قومی نائب دفتر سکریٹری بنایا گیا ہے۔ بہار کے اجے گپتا کو میڈیا کنوینر، دہلی کے پریکشت ڈاگر کو سوشل میڈیا کنوینر اور مدھیہ پردیش کے پردیپ ماہور سونی کو سوشل میڈیا کا شریک کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔

پالیسی اور تحقیق کے شعبے میں بھی تقرریاں

دہلی کے پروفیسر پنکج چودھری کو پالیسی و تحقیق کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اڈیشہ کے آشوتوش بہیرا اور اتر پردیش کے راہل یادو کو پالیسی و تحقیق کا شریک کنوینر بنایا گیا ہے۔ بی جے پی نے قومی او بی سی مورچہ کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کئی لیڈروں کو نئی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ اس دوران قومی ایگزیکٹو کمیٹی کے اسپیشل انوائٹی ارکان کی بھی تقرری کی گئی ہے۔ ان تقرریوں کے تحت اڈیشہ کے پروفیسر ادویت چرن نائک، دہلی کے یوزویندر سنگھ چہل اور اتر پردیش کی ایڈووکیٹ سیما سمردھی کشواہا کو قومی ایگزیکٹو کمیٹی کا خصوصی مدعو رکن بنایا گیا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ میں چہل کی کارکردگی

یوزویندر چہل نے ہندوستان کی جانب سے 72 ون ڈے اور 80 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 217 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے 49 مقابلوں میں ان کے نام 148 وکٹیں درج ہیں، جبکہ 151 لسٹ اے میچوں میں انہوں نے 240 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ آئی پی ایل میں چہل ممبئی انڈینز، رائل چیلنجرز بنگلورو، راجستھان رائلز اور پنجاب کنگز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل کے 188 میچوں میں 23.24 کی اوسط سے 233 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ چہل آخری مرتبہ اگست 2023 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے بین الاقوامی میدان میں اترے تھے۔

بھارت ایکسپیرس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read