Bharat Express DD Free Dish

’’مدارس کودہشت گردی کا اڈہ قراردینا انتہائی غیرذمہ دارانہ‘‘، مولانا سید ارشد مدنی نے یوپی کے نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے ذریعہ مدارس سے متعلق دیئے گئے بیان کی سخت مذمت کی

جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ جن مدارس پر آج الزامات لگائے جا رہے ہیں، انہی مدارس کے علما نے تحریکِ آزادی میں اہم کردارادا کیا، پھانسی کے پھندے قبول کیے، جیلیں کاٹیں اور برطانوی حکومت کے خلاف جدوجہد کی۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند اور اس کے علما کی قربانیوں کوہندوستان کی آزادی کی تاریخ کا روشن باب قرار دیا۔

نئی دہلی: جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے اتر پردیش کے نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے اس بیان کی سخت مذمت کی ہے، جس میں انہوں نے مدارس کودہشت گردی کا اڈہ قراردیا تھا۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ کسی آئینی عہدے پرفائزشخص کی جانب سے اس طرح کا بیان نہ صرف غیرذمہ دارانہ ہے بلکہ ملک کی مذہبی، تعلیمی اورجمہوری روایات کے بھی منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین تمام شہریوں کومساوی حقوق دیتا ہے اورتمام مذاہب وتعلیمی اداروں کے احترام کی تعلیم دیتا ہے۔

مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ مدارس کے بارے میں ایسا الزام وہی شخص لگا سکتا ہے جو نہ ملک کی تاریخ سے واقف ہو اور نہ ہی مدارس کی خدمات سے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے لاکھوں طلبہ، اساتذہ اورمدارس کے فارغین کو دہشت گرد قرار دینا انتہائی قابلِ مذمت ہے اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

علمائے کرام کی قربانیوں کی دلائی یاد

جمعیۃ علما ہند کے صدرنے کہا کہ جن مدارس پرآج الزامات لگائے جا رہے ہیں، انہی مدارس کے علما نے تحریکِ آزادی میں اہم کردارادا کیا، پھانسی کے پھندے قبول کیے، جیلیں کاٹیں اور برطانوی حکومت کے خلاف جدوجہد کی۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند اوراس کے علما کی قربانیوں کوہندوستان کی آزادی کی تاریخ کا روشن باب قرار دیا۔

انتخابی سیاست میں فائدہ کے لئے مدارس کو بنایا جا رہا ہے نشانہ: مولانا ارشد مدنی

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی سیاست کے لیے مسلسل مسلمانوں اور مدارس کونشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کبھی نصابِ تعلیم، کبھی حب الوطنی اوراب دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا مقصد معاشرے میں نفرت، تقسیم اورباہمی بداعتمادی کو فروغ دینا ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ پوری ریاست کے تمام شہریوں کی نمائندگی کرتا ہے، اس لیے ایسے عہدے پرفائزافراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اتحاد، باہمی اعتماد اورسماجی ہم آہنگی کو فروغ دیں، نہ کہ ایسے بیانات دیں جن سے کروڑوں شہریوں کے جذبات مجروح ہوں۔ انہوں نے کیشو پرساد موریہ کے بیان کوجمہوریت کے خلاف قراردیا۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read