مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی میں سیٹ شیئرنگ فائنل مرحلے میں ہے۔ (فائل فوٹو)
Maharashtra Assembly Election 2024: مہاراشٹر میں اس سال ہونے والے الیکشن میں ابھی کچھ ماہ ہی باقی بچے ہیں، جس سے متعلق سیاسی سرگرمیاں تیزہوگئی ہیں۔ اس سے پہلے اسمبلی الیکشن 2019 میں ہوا تھا۔ اس بار سب کی نگاہیں اس بات پرمرکوز ہیں کہ ریاست کی عوام کس کے ہاتھ میں اقتدار سونپے گی۔ مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) اورمہایتی (این ڈی اے الائنس) کی طرف سے خاص حکمت عملی کے تحت انتخابی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ مہا وکاس اگھاڑی میں سیٹوں کی تقسیم آخری مرحلے میں ہے۔ یعنی ممبئی کی 36 اسمبلی سیٹوں سے متعلق چل رہا جھگڑا جلد ہی حل ہونے والا ہے۔ لیکن یہ اتنا آسان نہیں نظرآرہا ہے۔ ممبئی کی 36 سیٹوں میں سے ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا 20 سیٹوں کا مطالبہ کر رہی ہے۔ وہیں کانگریس 18 اورنیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندرپوار) گروپ بھی 7 سیٹوں کا مطالبہ کررہا ہے۔
کانگریس ان 18 سیٹوں پردے رہی ہے زور
کانگریس ممبئی کی 18 سیٹوں پرزیادہ زور دے رہی ہے، جس میں دھاراوی، چاندیولی، ممبادیوی، ملاڈ مغرب، سائن کولی واڑہ، کولامبا، کاندیولی مشرق، اندھیری مغرب، ورسووا، باندرہ مغرب، گھاٹ کوپر مغرب، کرلا، بھائے کھلا، جوگیشوری مشرق، مالابار ہل، ماہم، بوری ولی، چارکوپ شامل ہے۔
ممبئی کی 36 سیٹوں پرہوگا سخت مقابلہ
واضح رہے کہ 2019 کے مہاراشٹراسمبلی الیکشن میں بی جے پی 105 سیٹوں پر جیت درج کرکے سب سے بڑی پارٹی بن کرابھری تھی۔ اس وقت بی جے پی اورشیوسینا نے اتحاد میں الیکشن لڑا تھا۔ اس وقت شیوسینا (متحدہ) 56 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبرپررہی تھی۔ وہیں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے کانگریس کے ساتھ مل کر بی جے پی-شیوسینا کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔ این سی پی نے 54 اورکانگریس نے 44 سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔ یعنی 2019 کے الیکشن میں کانگریس چوتھے مقام پررہی تھی۔ وہیں ممبئی کی 36 سیٹوں میں سے شیوسینا-بی جے پی اتحاد نے 19 سیٹیں جیتی تھیں۔ اس کے علاوہ 28 سیٹوں پرلڑنے والی کانگریس صرف 4 سیٹیں ہی جیت پائی تھی۔ وہیں ایک سیٹ این سی پی اورایک سیٹ سماجوادی پارٹی نے جیتی تھیں۔ اس بار ممبئی کی 36 سیٹوں پرسخت مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
بھارت ایکسپریس–