Bharat Express

Lok Sabha Election 2024: ‘اویسی اچھے امیدوار بتائیں، ہم ٹکٹ دلوا دیں گے’، مسلم امیدواروں سے متعلق شیو پال یادو کا بڑا بیان

اترپردیش میں سماجوادی پارٹی، کانگریس اورآرایل ڈی الائنس کا حصہ ہیں۔ وہیں لوک سبھا الیکشن 2024 سے متعلق سماجوادی پارٹی نے اپنے 16 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔

شیو پال یادو نے اسدالدین اویسی کو بڑا مشورہ دیا ہے۔ (فائل فوٹو)

Lok Sabha Election 2024: لوک سبھا الیکشن 2024 سے متعلق اترپردیش میں سبھی سیاسی پارٹیاں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کے لئے تیار ہیں۔ اسی درمیان سماجوادی پارٹی کے سینئرلیڈر اور سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کے چچا شیو پال سنگھ یادو نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی کا ذکر کرکے ایک بیان دیا ہے۔ شیوپال یادو نے کہا کہ دیکھئے کہ ہم ان کا بہت احترام کرتے ہیں، اگران کے پاس کوئی اچھا امیدوار ہو تو ہم ضرور اپنے قومی صدر سے بات کریں گے۔

واضح رہے کہ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی، کانگریس اورراشٹریہ لوک دل (آرایل ڈی) کا حصہ ہیں۔ وہیں لوک سبھا الیکشن 2024 سے متعلق سماجوادی پارٹی نے اپنے 16 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ سماجوادی پارٹی کی اس فہرست سے متعلق کئی طرح کے سوال اٹھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، کانگریس سماجوادی پارٹی کی اس فہرست سے ناراض ہے۔ کانگریس لیڈران کا کہنا ہے کہ یہ سماجوادی پارٹی کی فہرست ہے، انڈیا الائنس کی ابھی کوئی آفیشیل امیدواروں کی فہرست نہیں آئی ہے۔

الائنس میں اختلاف کا اشارہ

اویناش پانڈے کے اترپردیش دورے کے دوران انہوں نے دفترپرکانگریس کے لیڈران سے سماجوادی پارٹی سے الائنس کے موضوع میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں انہوں نے کانگریس لیڈران کی رائے بھی معلوم کی۔ اویناش پانڈے نے کانگریس کی طرف سے سبھی سیٹوں کے لئے بنائے گئے آبزرورسے ممکنہ امیدواروں کے نام بھی مانگے۔ اس اہم میٹنگ کے بعد یوپی میں کانگریس پارٹی کے اکیلے لڑنے کی قیاس آرائیاں بھی ہونے لگی ہیں۔ اویناش پانڈے نے کارکنان کے درمیان کہا کہ سماجوادی پارٹی نے گٹھ بندھن کا دھرم یعنی الائنس کے ضوابط پرعمل نہیں کیا۔ سماجوادی پارٹی نے 16 سیٹوں پرلوک سبھا امیدواروں کا اعلان کرکے اتحاد یعنی گٹھ بندھن کے اصولوں پرعمل نہیں کیا پھر بھی ہم سبھی باتوں پرغوروخوض کرنے اور مثبت نظریے سے آگے بڑھنے کے لئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ سماجوادی پارٹی کے ساتھ تمام چیزآنے والے وقت میں ٹھیک ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:  Lok Sabha Election 2024: بی ایس پی کے ساتھ کانگریس کے الائنس کے امکان پر ڈمپل یادو نے توڑی خاموشی، رام گوپال یادو کا بڑا دعویٰ

سماجوادی پارٹی کے یکطرفہ فیصلے پرناراضگی

کانگریس کی میٹنگ میں کہا گیا کہ سماجوادی پارٹی نے 16 سیٹوں پراپنے امیدواراتارکراچھا اشارہ نہیں دیا ہے۔ اگر بی جے پی کو ہرانا ہے تو سبھی پارٹیوں کو ایک ہونا ہوگا، چاہے وہ سیٹوں کی بات ہو یا کسی حکمت عملی کی بات ہو۔ کوئی بھی فیصلہ یکطرفہ نہیں ہوتا ہے۔ دراصل، سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ شیئر کرکے کانگریس کے ساتھ الائنس کا اعلان کیا تھا، اس کے ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ کانگریس یوپی میں 11 سیٹوں پرالیکشن لڑے گی۔ سماجوادی پارٹی نہ صرف کانگریس کی سیٹوں کا اعلان بلکہ دوسری سیاسی پارٹیوں سے آگے جاتے ہوئے 16 امیدواروں کی پہلی فہرست بھی جاری کردی ہے، جس کے بعد کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے اس فیصلے سے نا اتفاقی ظاہرکی اور کہا کہ سماجوادی پارٹی کے ساتھ پارٹی ہائی کمان کی بات چل رہی ہے۔

بھارت ایکسپریس۔