نئی دہلی: حد بندی بل کے معاملے پر کانگریس کی جانب سے ڈی ایم کے کو منانے کی کوششوں اور اس پر ڈی ایم کے لیڈران کے سخت ردعمل کے درمیان سیاسی ڈرامہ اب تقریباً ’اٹس ڈن، برو‘ مومینٹ تک پہنچتا دکھائی دے رہا ہے۔ ڈی ایم کے لیڈران نے کانگریس کو واضح پیغام دیا ہے کہ اب بات چیت کے لیے بہت دیر ہو چکی ہے۔
اسٹالن کو منانے چنئی روانہ ہوئے انڈیا بلاک کے لیڈر
ایم کے اسٹالن اور ڈی ایم کے کو منانے کے لیے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی قیادت میں انڈیا بلاک کے سینئر لیڈر اتوار کی صبح چنئی کے لیے روانہ ہوئے۔ ان لیڈران میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی شامل ہیں۔ بات چیت کا ماحول بنانے کی کوشش کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ملاقات سے پہلے سوشل میڈیا کے ذریعے ایم کے اسٹالن کو ’بھائی‘ کہتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے ڈی ایم کے سے حد بندی بل کی مخالفت کرنے کی اپیل بھی کی۔ راہل گاندھی کے بعد کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی۔ انہوں نے جین زی کے انداز میں لکھا، ’پکچر ابھی باقی ہے برو‘۔
ڈی ایم کے لیڈران کا کانگریس پر سخت حملہ
دوسری جانب راہل گاندھی کی ’ایکس‘ پوسٹ کے بعد ڈی ایم کے لیڈران نے کانگریس کو سخت جواب دیا۔ ڈی ایم کے نے کانگریس پر پیٹھ میں چھرا گھونپنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ ڈی ایم کے کے ترجمان سروَنن انادورائی نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’سر (راہل گاندھی)، چنئی میں آپ کا خیرمقدم ہے۔ ہمیں آپ سے بہت امیدیں تھیں۔ ہم نے آپ کی حمایت کرنے کی پوری کوشش کی۔ جب ہمارے لیڈر نے آپ کو اپنا چھوٹا بھائی کہا تو آپ ہم سب کے بھائی بن گئے۔‘‘ انادورائی نے مزید کہا، ’’ڈی ایم کے کے لیے تمل عوام اور تمل ناڈو کی فلاح و بہبود سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ ہمارے لیڈر وہی کریں گے جو تمل ناڈو کے لیے بہتر ہوگا۔ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ اب بہت دیر ہو چکی ہے؟‘‘
آپ نے ہمارے بھائی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا
راہل گاندھی کو جواب دیتے ہوئے ڈی ایم کے لیڈر ٹی آر بی راجا نے لکھا، ’’اور یہ وہی بھائی ہیں، جن کی پیٹھ میں آپ نے اور آپ کی تمل ناڈو کی ٹیم نے اتنی آسانی سے چھرا گھونپ دیا۔‘‘
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

