Bharat Express DD Free Dish

Rahul and Kharge to Meet MK Stalin: حد بندی بل کے خلاف ناراض اتحادیوں کو منانے کی کانگریس کی کوششیں تیز، اسٹالن اور شرد پوار سے ملیں گے راہل-کھڑگے

سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے کے ساتھ ممتا بنرجی اتوار کو چنئی پہنچیں گی، جہاں وہ ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان ہوسکتی ہے۔

نئی دہلی: پارلیمنٹ میں حد بندی بل کی مخالفت کے معاملے پر کانگریس نے انڈیا بلاک کے ناراض اتحادیوں کو منانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اتوار کے روز کانگریس کی اعلیٰ قیادت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران کے ساتھ دراوڑ منیترا کڑگم (ڈی ایم کے) کے صدر ایم کے اسٹالن اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی۔ شرد پوار (این سی پی۔ ایس پی) کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کرے گی۔

کھڑگے کی قیادت میں اپوزیشن لیڈران کریں گے ملاقات

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی قیادت میں انڈیا بلاک کے سینئر لیڈران اتوار کو ایم کے اسٹالن اور شرد پوار سے ملاقات کریں گے۔ اس دوران ان لیڈران کو مرکز کی حد بندی کی تجویز کی حمایت نہ کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ ملاقات پیر کو پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے لیے اراکین پارلیمنٹ کی میٹنگ سے ٹھیک ایک دن پہلے ہورہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، کانگریس پارلیمانی پارٹی (سی پی پی) کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ آل انڈیا ترنمول کانگریس (اے آئی ٹی ایم سی) کی صدر ممتا بنرجی اتوار کو چنئی پہنچیں گی، جہاں وہ ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان ہوسکتی ہے۔

اس کے بعد کانگریس اور دیگر اپوزیشن لیڈران اتوار کی رات تقریباً 8 بجے ممبئی پہنچیں گے، جہاں رات تقریباً 9 بجے بریچ کینڈی اسپتال میں این سی پی۔ ایس پی کے صدر شرد پوار سے ان کی ملاقات ہوسکتی ہے۔

خصوصی اجلاس میں پیش ہوگا آئینی ترمیمی بل

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہورہی ہے، جب بی جے پی کی قیادت والی حکومت پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں ’آئین (132ویں ترمیمی) بل، 2026‘ پیش کرنے والی ہے۔ اس بل میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن نافذ کرنے، نشستوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کرنے اور 2051 تک حد بندی کے عمل کو منجمد رکھنے کی تجویز شامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس کی قیادت میں انڈیا بلاک کی کچھ جماعتیں پارلیمنٹ میں پیش ہونے والے حد بندی بل کی مخالفت کررہی ہیں۔ ڈی ایم کے نے بی جے پی حکومت کے اس بل کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ این سی پی۔ ایس پی اب تک بل کی مخالفت سے دور دکھائی دے رہی ہے۔

ڈی ایم کے نے حمایت کا فیصلہ کیا

ڈی ایم کے نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے ایم کے اسٹالن کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں، اس لیے وہ بل کی حمایت کرے گی۔ دوسری جانب، این سی پی۔ ایس پی کے سینئر لیڈر جتیندر آہواڑ نے اپنی پارٹی کی جانب سے اس بل کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، پارٹی کی ورکنگ صدر سپریا سولے نے بعد میں کہا کہ اس معاملے پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read