
امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ اور جھارکھنڈ کی کرسی پر قبضے کی لڑائی اور شیطان کے آزاد ہونے سے ایک دن قبل نام نہاد مولویوں کی جانب سے شیطانی عمل کی وجہ سے ادارہ شرمندگی جھیل رہا ہے۔ گزشہ شام پولیس کی مدد سے کچھ نام نہاد قائدین نے امارت شرعیہ پر قبضہ کرنے کی اور تقسیم کرکے خود سے امیر وناظم منتخب ہوجانے کی ناکام کوشش کے بعد وہ لوگ اب نئی چال کی تیاری میں ہیں البتہ اس سے قبل موجودہ امیر شریعت نے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے سے ایک سبق بھی دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ امارت شرعیہ کی جانب سے جاری پریس اعلامیہ کے مطابق مولانا محمد شبلی القاسمی کو برطرف کردیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کے حکم بھی دے دیا گیا ہے۔
پریس اعلامیہ کے مطابق ‘امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ اور جھارکھنڈ کے امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے مولانا محمد شبلی القاسمی کو نائب ناظم کے عہدے سے فوری طور پر برطرف کر دیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ امارتِ شرعیہ کے نظم و نسق کے تحفظ اور اس کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے لیا گیا ہے۔تحقیقات کے بعد یہ بات ثابت ہوئی کہ مولانا محمد شبلی القاسمی نے خود کو امارتِ شرعیہ کے ناظم عمومی کے طور پر ظاہر کیا اور ایک غیر مجاز انتخابی عمل کے لیے پولیس کی مداخلت طلب کی۔ یہ اقدام امارت کے داخلی قوانین، اس کے دستور اور اعتماد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس غیر ذمہ دارانہ حرکت سے نہ صرف امارتِ شرعیہ کے وقار کو نقصان پہنچا بلکہ اس کے نظم و ضبط کو بھی شدید متاثر کیا۔
اس کے علاوہ، یہ بھی واضح رہے کہ مولانا محمد شبلی القاسمی کو 4 مارچ 2025 کو قائم مقام ناظم کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، اور انہوں نے نائب ناظم کے عہدے سے عید کے بعد مستعفی ہونے کے لیے مہلت طلب کی تھی، جو انہیں دی گئی۔ مزید برآں، انہیں چھ ماہ تک بغیر کسی کارکردگی کے وظیفہ بھی دیا جا رہا تھا، اور وہ اپنے ذاتی اثاثوں کے ساتھ دفتر سے رخصت بھی ہو چکے تھے۔ اس کے باوجود، انہوں نے امارتِ شرعیہ کے معاملات میں غیر مجاز مداخلت کی اور تمام احکامات کی خلاف ورزی کی، جو ناقابلِ قبول ہے۔
امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کے فیصلے کے مطابق مولانا محمد شبلی القاسمی کو فوری طور پر نائب ناظم کے عہدے سے برطرف کیا جاتا ہے، اور ان کے تمام اختیارات اور ذمہ داریاں فی الفورختم کی جاتی ہیں۔تمام سرکاری دستاویزات، فائلیں، بیت المال کی رسیدات، علی الحساب رقومات اور امارتِ شرعیہ سے متعلق کسی بھی قسم کا مواد دفتر میں فوری طور پر جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہیں امارتِ شرعیہ کے کسی بھی معاملے میں مداخلت یا نمائندگی سے فوری طور پر اجتناب کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔دفترِ امارت سے متعلق کسی بھی سرکاری بیان یا خط و کتابت جاری کرنے سے منع کیا گیا ہے۔
چونکہ مولانا محمد شبلی القاسمی نے تمام احکامات کی خلاف ورزی کی ہے، اس لیے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ امارتِ شرعیہ کسی بھی غیر قانونی یا غیر آئینی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی اور اگر ضرورت پیش آئی تو مزید قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ امارتِ شرعیہ کو حق و صداقت پر قائم رکھے اور اس کی سربلندی و استحکام میں ہمارا معاون و مددگار ہو۔
بھارت ایکسپریس
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔