Bharat Express DD Free Dish

Delhi SIR Draft Electoral Roll Published: دہلی میں ایس آئی آر کی ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری، 47.7 لاکھ نام ہٹائے گئے، سامنے آئی پوری تفصیل

دہلی میں 1.45 کروڑ ووٹروں میں سے تقریباً 97.5 لاکھ نام ڈرافٹ لسٹ میں شامل، دعوے اور اعتراضات 30 ستمبر تک داخل کئے جا سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایس آئی آر کا مقصد کسی بھی اہل ووٹر کو فہرست سے باہر نہ رکھنا اور کسی بھی نا اہل شخص کو ووٹر لسٹ میں شامل ہونے سے روکنا ہے۔

نئی دہلی: الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک کی تمام ریاستوں اورمرکزکے زیرانتظام علاقوں میں ووٹرلسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر(خصوصی گہری نظرثانی) کا عمل جاری ہے۔ اس کے تحت ووٹرلسٹ کواپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے اوربڑی تعداد میں ایسے نام حذف کئے جا رہے ہیں، جومقررہ معیارپرپورے نہیں اترتے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایس آئی آرکا مقصد کسی بھی اہل ووٹرکوفہرست سے باہرنہ رکھنا اورکسی بھی نااہل شخص کوووٹرلسٹ میں شامل ہونے سے روکنا ہے۔ اسی سلسلے میں دہلی میں بھی ایس آئی آرکے تحت ڈرافٹ ووٹرلسٹ جاری کردی گئی ہے۔ سامنے آنے والے اعداد وشمارکے مطابق، دہلی کی ووٹرلسٹ سے تقریباً 47.7 لاکھ افراد کے نام حذف کئے گئے ہیں۔

1.45 کروڑ ووٹروں میں سے 47.7 لاکھ نام حذف

دہلی کے چیف الیکشن آفیسرکے دفترکی جانب سے جاری معلومات کے مطابق، ایس آئی آرکے تحت ڈرافٹ ووٹرلسٹ جاری کی گئی ہے۔ اس کارروائی کے دوران دہلی کے تقریباً 1.45 کروڑ رجسٹرڈ ووٹروں میں سے 47.7 لاکھ نام موجودہ فہرست سے ہٹا دیئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق، ایس آئی آرکے بعد جاری کی گئی ڈرافٹ ووٹرلسٹ میں تقریباً 97.5 لاکھ ووٹروں کے نام شامل ہیں۔

30 ستمبر تک دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کا موقع

جن افراد کے نام ڈرافٹ ووٹرلسٹ میں شامل نہیں ہیں، انہیں اپنے نام دوبارہ شامل کرانے کے لئے دعویٰ پیش کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ دہلی کے چیف الیکشن آفیسرکے مطابق، ایسے افراد 30 ستمبرتک فارم-6 اورضروری دستاویزات کے ساتھ اپنے دعوے داخل کرسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے تازہ شیڈول کے مطابق، موصول ہونے والے دعووں اوراعتراضات کی جانچ کی جائے گی۔ اس کے بعد نوٹس جاری کرنے اوردعووں کے تصفیے کا عمل 29 اکتوبرتک جاری رہے گا۔ حکام کے مطابق، دعووں اوراعتراضات کے تصفیے کے بعد دہلی میں ایس آئی آرکے تحت حتمی ووٹرلسٹ 4 نومبرکوجاری کی جائے گی۔ اس فہرست میں ان افراد کے نام شامل کئے جائیں گے، جومقررہ عمل کے تحت اہل پائے جائیں گے۔

کن بنیادوں پرنام حذف کئے گئے؟

الیکشن کمیشن کے مطابق دہلی میں ایس آئی آرکے دوران گھرگھرجا کراینیومریشن فارم تقسیم کرنے، ووٹروں کی معلومات جمع کرنے اورانہیں ڈیجیٹلائزکرنے کا عمل 30 جون کوشروع ہوا تھا، جو 17 اگست کومکمل ہوا۔ اس پورے عمل کے دوران دہلی کے مجموعی 1,45,10,299 ووٹروں میں سے تقریباً 67.18 فیصد ووٹروں کے فارم ڈیجیٹلائزکئے گئے۔ باقی تقریباً 47.7 لاکھ ووٹروں کو’غیرحاضر، منتقل شدہ، فوت شدہ، ڈپلیکیٹ اوردیگر‘ (اے ایس ڈی ڈی او) زمروں میں رکھا گیا ہے۔ ان ووٹروں کی معلومات حاصل نہ ہوسکنے کی وجہ سے انہیں ’ان کلیکٹ ایبل‘ (Uncollectable) یعنی جن کے بارے میں مطلوبہ معلومات دستیاب نہیں ہوسکیں، کے طورپردرج کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ان 47.7 لاکھ ووٹروں کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں کئے گئے ہیں۔ تاہم ایسے افراد مقررہ مدت کے اندرضروری دستاویزات کے ساتھ اپنا دعویٰ پیش کرکے ووٹرلسٹ میں نام شامل کرانے کی درخواست دے سکتے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read