
ھارتیہ جنتا پارٹی 27 سال بعد قومی دارالحکومت دہلی میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دہلی میں نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب 20 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔ بی جے پی سے متعلق ذرائع کے مطابق اس سے ایک دن قبل 19 فروری کو بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ ہو سکتی ہے۔ حلف برداری کی تقریب کے لیے اگرچہ کوئی مقام طے نہیں کیا گیا ہے لیکن امکان ہے کہ یہ تقریب رام لیلا میدان میں ہو سکتی ہے۔
ذرائع نے پہلے بتایا تھا کہ بی جے پی نے 19 فروری کو مقننہ پارٹی کی میٹنگ بلائی ہے۔ پہلے یہ اجلاس 17 فروری کو بلایا گیا تھا تاہم بعد میں اسے ملتوی کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے نام کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی اپنے ایم ایل ایز کی میٹنگ کرے گی۔
وزیر اعلیٰ کے انتخاب کو لے کر دہلی میں گزشتہ کچھ دنوں سے اعلیٰ سطح پر بات چیت جاری ہے۔ پرویش ورما، آشیش سود اور ریکھا گپتا سمیت کئی ناموں کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، حالانکہ بی جے پی قیادت اس معاملہ پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ سے واپس آنے کے بعد دہلی میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 10 سے 13 فروری تک فرانس اور امریکہ کے دورے پر تھے۔
دہلی کے وزیر اعلی کی ریس میں مزیدیہ 6 نام
دہلی کے وزیر اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ناموں میں پرویش ورما سب سے آگے ہیں جنہوں نے نئی دہلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو شکست دی۔ دہلی بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور جنک پوری کے ایم ایل اے آشیش سود کا نام بھی زیر بحث ہے جو مرکزی قائدین کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کے لئے جانے جاتے ہیں۔ ایک خاتون چہرے کے طور پر شالیمار باغ کی ایم ایل اے ریکھا گپتا کو بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے کی دعویدار تصور کیا جا رہا ہے۔ روہنی کے ایم ایل اے وجیندر گپتا کا نام بھی زیر بحث ہے، جو دہلی بی جے پی کے سب سے سینئر لیڈروں میں شمار ہوتے ہیں اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رہ چکے ہیں۔
مالویہ نگر کے ایم ایل اے ستیش اپادھیائے بھی دوڑ میں شامل ہیں، جو پارٹی کا ایک ممتاز برہمن چہرہ اور سابق ریاستی صدر ہیں۔ جتیندر مہاجن جو آر ایس ایس کے مضبوط نمائندے ہیں، بھی وزیر اعلیٰ کے عہدہ کے سرفہرست دعویداروں میں شامل ہیں۔ پارٹی رہنماؤں نے قومی قیادت کی جانب سے کسی خاتون کو وزیر اعلیٰ نامزد کرنے یا بالکل نئے چہرے کے انتخاب کے امکان کا اشارہ دیا ہے۔ شیکھا رائے، جنہوں نے گریٹر کیلاش میں عام آدمی پارٹی کے سوربھ بھردواج کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی، مبینہ طور پر ایک اور نمایاں خاتون چہرہ سمجھا جا رہا ہے۔
وزارت کے عہدے کے لیے 15 نام شارٹ لسٹ کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق 15 ایم ایل ایز کو اہم وزارتی عہدوں کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ نئی حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور دیگر اعلیٰ بی جے پی رہنماؤں کے درمیان بھی ایک میٹنگ ہونے کا امکان ہے۔ حال ہی میں ختم ہوئے دہلی اسمبلی انتخابات میں، بی جے پی نے 70 میں سے 48 سیٹیں جیت کر عام آدمی پارٹی کو اقتدار سے بے دخل کردیا۔ عام آدمی پارٹی، جس نے دہلی پر 10 سال سے زیادہ عرصے تک حکومت کی،نے انتخاب میں صرف 22 سیٹیں جیتیں۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی 1993 کے بعد پہلی بار دہلی میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔