Bharat Express

ای ڈی-سی بی آئی کی میٹنگ ہوگئی، آتشی کو گرفتار کرنے کی تیاری-اروندکیجریوال کا بڑا دعویٰ

عام آدمی پارٹی کے کنوینراروند کیجریوال نے بی جے پی پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی دہلی الیکشن جیت رہی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی ایجنسیاں وزیر اعلیٰ آتشی کوگرفتارکرنے کی تیاری کررہی ہے۔

وزیراعلیٰ آتشی اور سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال۔ (فائل فوٹو)

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے کنوینراروند کیجریوال نے بدھ کے روزپریس کانفرنس کرکے بی جے پی پرحملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی دہلی الیکشن جیت رہی ہے۔ بی جے پی ہمیں روکنے کی سازش کررہی ہے، لیکن وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ بی جے پی نے دہلی کے لوگوں کے خلاف ان کی زندگی مشکل کرنے کے لئے کئی طرح کی سازش کررہے ہیں۔ وہ وقت وقت پردہلی حکومت کے کاموں کو روکتی رہی ہے۔

اروند کیجریوال نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ای ڈی اورسی بی آئی کی میٹنگ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کچھ بھی کرکے آتشی کوگرفتار کیا جائے۔ سب پرچھاپہ مارکارروائی کی جائے گی۔ اس کا مقصد انتخابی تشہیرکوروکنا ہے۔ آتشی کے خلاف ٹرانسپورٹ محکمہ میں کئی فرضی کیس تیارکئے جا رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینرنے پارٹی امیدواروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے کام پرووٹ مانگئے، صرف جیل میں ڈالنے اورگالی دینے سے عوام ووٹ نہیں دیتی ہے۔

دہلی میں بی جے پی کی تاریخی ہارہونے والی ہے: اروند کیجریوال

 انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے دہلی والوں کا کوئی بھی کام رکنے نہیں دیا ہے۔ ایسے ایسے کام دہلی کے اندر کئے گئے ہیں، جو اس ملک نے گزشتہ 75 سالوں میں نہیں دیکھے گئے۔ سبھی کام کروائے گئے۔ جب ان (بی جے پی) کی تمام سازش ناکام ہوگئی تو انہوں نے عام آدمی پارٹی کے سینئرلیڈران، وزرا کوجیل بھیجنے کا کام شروع کیا۔ اس کے باوجود بھی کام نہیں رکے اوردوردورتک دکھائی نہیں دے رہا ہے کہ بی جے پی جیت رہی ہے۔

اروند کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی کونظرآنے لگا ہے کہ دہلی میں ان کی تاریخی ہارہونے والی ہے۔ ان کے ساتھ لیفٹیننٹ گورنراوراراکین پارلیمنٹ تھے۔ دہلی میں انہوں نے کیا کام کیا وہ بتا نہیں پا رہے ہیں۔ ان کے پاس کوئی وزیراعلیٰ کا چہرہ نہیں ہے۔ صرف اروند کیجریوال کو گالیاں دے رہے ہیں۔ ہماری حکومت نے بجلی مفت کی، پانی دیا، خواتین کے لئے بس کا سفرمفت کیا۔ آنے والے وقت میں 2100 روپئے خواتین کودیں گے۔ ہم کام پرووٹ مانگ رہے ہیں، وہ گالیوں پرووٹ مانگ رہے ہیں۔

ہمیں آئین پریقین: آتشی

دہلی کی وزیراعلیٰ آتشی نے کہا کہ ہمیں آئین پریقین ہے۔ آپ (بی جے پی) جھوٹے کیس کرکے ہمیں روکنا چاہتے ہیں۔ اسکولوں میں تعلیم سے متعلق کیس کرکے تعلیم میں رخنہ اندازی کرتے ہیں۔ عوام سب دیکھ رہی ہے۔ دہلی کی عوام بی جے پی کوجواب ضروردے گی۔ اخباروں میں جاری نوٹس غلط ہیں۔ یہ غلط اطلاع اخبارمیں چھپوائی گئی ہے، جن افسران نے یہ غلط اطلاع چھپوائی ہے، ان کے خلاف پولیس کارروائی بھی کی جائے گی۔ اسکیم پبلک ڈومین میں ہے اوراس کا نوٹیفکیشن بھی ہے۔ حکومت بننے کے بعد سنجیونی اسکیم لائی جائے گی۔ حکومت بننے کے بعد 1000 کی جگہ 2100  روپئے دیئے جائیں گے۔