Bharat Express

Delhi Assembly Election 2025: اروند کیجریوال نے موہن بھاگوت کو لکھا خط، دہلی اسمبلی الیکشن سے متعلق آرایس ایس سربراہ سے پوچھے یہ بڑے سوال

دہلی میں اسمبلی الیکشن بے حد قریب ہیں، اسی درمیان عام آدمی پارٹی کے کنوینراروند کیجریوال نے راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آرایس ایس) سربراہ موہن بھاگوت کو خط لکھا ہے۔ اروند کیجریوال نے اس خط میں آرایس ایس سربراہ سے بی جے پی سے متعلق کئی سوال پوچھے ہیں۔

دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو خط لکھا ہے۔

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے نیشنل کنوینراروند کیجریوال نے آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو خط لکھا ہے۔ کیجریوال نے خط کے ذریعہ آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے کئی سوال پوچھے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی سے متعلق موہن بھاگوت سے سوال کئے ہیں۔ دہلی اسمبلی الیکشن قریب ہے اورعام آدمی پارٹی سے لے کرکانگریس اوربی جے پی سبھی پارٹیاں الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ راجدھانی میں جیت درج کرنے کے لئے سبھی ایڑی-چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔

حالانکہ ابھی تک دہلی اسمبلی الیکشن کی تاریخوں کا اعلان نہیں ہوا ہے، لیکن آئندہ ہفتے الیکشن کمیشن کی طرف سے اس کا باضابطہ اعلان کیا جاسکتا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ فروری کے دوسرے ہفتے میں دہلی میں ووٹنگ ہوسکتی ہے۔ اسی درمیان عام آدمی پارٹی اوربی جے پی کے درمیان الزام تراشی اورجوابی الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے اورووٹرلسٹ سے متعلق دونوں کے درمیان جنگ چھڑی ہوئی ہے۔ اروند کیجریوال نے اب موہن بھاگوت کوخط لکھ کرالیکشن سے متعلق سوال پوچھ لئے ہیں، جو کافی سرخیوں میں ہے۔

کیجریوال نے کیا سوال پوچھے؟

پہلا سوال- اروند کیجریوال نے موہن بھاگوت سے پوچھا کہ بی جے پی نے گزشتہ دنوں میں جو بھی غلط کیا، آرایس ایس اس کی حمایت کرتی ہے؟

دوسرا سوال- بی جے پی کے لیڈر کھل کرپیسے بانٹ رہے ہیں، کیا آرایس ایس ووٹ خریدنے کی حمایت کرتی ہے؟

تیسرا سوال- بڑے پیمانے پر دلت، پروانچلی کے ووٹ کاٹے جا رہے ہیں، کیا آرایس ایس کو لگتا ہے کہ یہ جمہوریت کے لئے صحیح ہے؟

چوتھا سوال- کیا آرایس ایس کو نہیں لگتا کہ بی جے پی جمہوریت کو کمزور کررہی ہے؟

کیجریوال نے بی جے پی پرلگائے الزام

اروند کیجریوال اور بی جے پی ایک دوسرے پر ووٹرلسٹ سے متعلق الزام لگا رہے ہیں۔ اروند کیجریوال نے اس سے پہلے کہا کہ بی جے پی دہلی میں ووٹ کٹوا رہی ہے۔ جو صحیح رائے دہندگان ہیں، ان کے ووٹ کاٹنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی سابق وزیراعلیٰ نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ میرے نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں ان کا (بی جے پی کا) آپریشن لوٹس 15 دسمبر سے چل رہا ہے۔ ان 15 دنوں میں انہوں نے تقریباً 5000  ووٹوں کو ڈیلیٹ کرنے اور 7500  ووٹوں کو جوڑنے کے لئے درخواست دی گئی ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read