Bharat Express

Delhi Assembly Election Voting: سیلم پور میں برقعہ پر ہنگامہ ،جنگ پورا میں پیسے بانٹنے کا سسودیا نے لگایا الزام،پولیس سے ہوئی نوک جھونک

قومی دارالحکومت میں تمام 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے 13,766 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ 699 امیدوار میدان میں ہیں۔ شفاف ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے نیم فوجی دستوں کی 220 کمپنیاں، 35,626 دہلی پولیس اہلکار اور 19,000 ہوم گارڈز تعینات کیے گئے ہیں۔

دہلی اسمبلی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔  وہیں  ووٹنگ کے درمیان سیلم پور اور جنگ پورہ میں افراتفری مچ گئی ہے۔ جنگ پورہ سے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے امیدوار منیش سسودیا نے بی جے پی کارکنوں پر ایک عمارت میں پیسے بانٹنے کا الزام لگایا ہے۔ سسودیا کو یہاں پولیس سے بحث کرتے بھی دیکھا گیاہے۔ وہیں دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ سیلم پور میں جعلی ووٹنگ ہوئی ہے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ کچھ برقعہ پوش خواتین نے جعلی ووٹ ڈالے ہیں۔اس دوران پولیس نے خواتین کا برقعہ ہٹا کر  چیک کرنے کی بھی خبر آئی جس کے بعد ہنگامہ کافی تیز ہوگیا اور حالات کی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے سیلم پور میں کچھ دیرکیلئے پولنگ روک دی گئی تھی البتہ اب حالات پرامن ہیں۔

بتادیں کہ آج دارالحکومت دہلی  میں اسمبلی انتخابات ہورہےہیں۔ دہلی کی تمام 70 سیٹوں پر ووٹنگ صبح 7 بجے سےجاری  ہے جوکہ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس دوران دہلی کے 1.56 کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں اور تقریباً 700 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کیلئے گھروں سے نکل کر پولنگ بوتھ پہنچ رہے ہیں۔ نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔

اس انتخاب میں جہاں عام آدمی پارٹی تیسری بار اقتدار حاصل کرنے کی لڑائی میں مصروف ہے وہیں بی جے پی اور کانگریس بھی تخت دہلی پر قبضہ کرنے کی جدوجہد  کررہی  ہیں۔ بی جے پی 25 سال سے زیادہ عرصے سے اقتدار سے باہر ہے۔ وہیں عام آدمی پارٹی سے پہلے کانگریس 15 سال اقتدار میں تھی، لیکن پچھلے دو انتخابات میں پارٹی ایک بھی سیٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

آپ کو بتادیں کہ قومی دارالحکومت میں تمام 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے 13,766 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ 699 امیدوار میدان میں ہیں۔ شفاف ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے نیم فوجی دستوں کی 220 کمپنیاں، 35,626 دہلی پولیس اہلکار اور 19,000 ہوم گارڈز تعینات کیے گئے ہیں۔ 3000 کے قریب پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ووٹنگ کے دوران پولیس ٹیم ڈرون کے ذریعے بھی نظر رکھنے کی کوشش کررہی ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read