Sanjay Raut On Ajit Pawar: شیوسینا (یوبی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے مہاراشٹرکی سیاست میں بھونچال لانے والا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے بدھ کے روز(8 جنوری) کوکہا کہ نائب وزیراعلیٰ اجیت پوارکے قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) شرد پوارکی قیادت والی این سی پی (ایس پی) میں پھرسے پھوٹ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے۔ ادھوٹھاکرے کی پارٹی شیوسینا (یوبی ٹی) کے لیڈرسنجے راؤت نے کہا کہ این سی پی شرد پوارکی قیادت والی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کوتوڑنے کی کوشش کررہی ہے اور اس کے لیڈران کو مرکزی کابینہ میں جگہ دینے کا بھی لالچ دیا جا رہا ہے۔
امول مٹکری نے کیا کہا؟
سنجے راؤت کا یہ بیان این سی پی لیڈرامول مٹکری کے اس تبصرہ کے بعد آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شرد پوارکی قیادت والی این سی پی کے کچھ لوک سبھا اراکین مہاراشٹرکے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوارکے رابطے میں ہیں۔ این سی پی (ایس پی) رکن اسمبلی اورسابق وزیرجتیندراوہاڈ نے یہ بھی الزام لگایا کہ اجیت پوارکی قیادت والی این سی پی کے ریاستی صدرسنیل تٹکرے نے حریف گروپ کے اراکین پارلیمنٹ کو پارٹی چھوڑنے کے لئے کہا تھا۔ ان دعووں پر خبرلکھے جانے تک سنیل تٹکرے کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
پرفل پٹیل اورسنیل تٹکرے کوملی ذمہ داری
سنجے راؤت نے کہا کہ سینئراین سی پی لیڈرپرفل پٹیل اورسنیل تٹکرے کوشرد پوارکی قیادت والے گروپ میں توڑپھوڑکرانے کا کام سونپا گیا ہے۔ جب تک این سی پی شرد پوارکی قیادت والے گروپ سے اراکین پارلیمنٹ کو توڑنہیں لیتی تب تک اسے مرکزی حکومت میں کوئی عہدہ نہیں ملے گا۔
این سی پی کے متحد ہونے پرجتیندراوہاڈ نے کیا کہا؟
وہیں دوسری طرف، این سی پی کے دونوں گروپوں کے ساتھ آنے کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پرجتیندر اوہاڈ نے کہا، ”اگراین سی پی کے دونوں گروپوں کوساتھ آنا ہے توسنیل تٹکرے نے ہمارے لوک سبھا اراکین کوپیشکش کیوں کی؟ ان کی تجویزتھی کہ باپ-بیٹی کوچھوڑواورہمارے پاس آؤ… مجھے لگتا ہے کہ سنیل تٹکرے خود نہیں چاہتے کہ دونوں پوارپھرسے ایک ہوجائیں۔” سنیل تٹکرے کا اشارہ شرد پواراوران کی بیٹی سپریا سولے کی طرف تھا۔ جتیندراوہاڈ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ این سی پی کے دونوں گروپوں کے جلد ہی پھرسے ایک ہونے کی خبروں کا مقصد بی جے پی کی اتحادی اورجے ڈی یو سربراہ نتیش کمار پردباؤ ڈالنا ہے تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کو دیگرحلقوں سے حمایت مل سکتی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔