'کانگریس-اے آئی ایم آئی ایم نے برقعے کا فائدہ اٹھایا'، مادھوی لتا نے ایس پی لیڈر ایس ٹی حسن پر کیا جوابی حملہ
Lok Sabha Elections 2024: تلنگانہ کی حیدرآباد لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑرہی بی جے پی امیدوار مادھوی لتا پرایف آئی درج ہوئی ہے۔ مالاکپیٹ پولیس اسٹیشن میں یہ معاملہ آئی پی سی کی دفعہ 171 سی، 186، 505 (1) (سی) اور عوامی نمائندگی ایکٹ 132 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مادھوی لتا کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہیں ووٹنگ مراکز پردورے کے دوران مسلم خواتین کے آئی ڈی کارڈ کی جانچ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بی جے پی امیدوارمادھوی لتا ووٹنگ مراکز کے اندرمسلم خواتین کو برقع ہٹانے کے لئے کہہ رہی ہیں اوران کے شناختی کارڈ کی جانچ کرتے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔ اتنا ہی نہیں وہ ان سے ان کی پہچان بتانے کے لئے بھی کہہ رہی ہیں۔ اس معاملے پرمادھوی لتا نے کہا کہ ان کے ذریعہ مسلم خواتین سے ان کی پہچان بتانے کی درخواست کی گئی تھی اورایسا کرنا کوئی غلط کام نہیں ہے۔
میں نے خواتین سے گزارش کی تھی: مادھوی لتا
مادھوی لتا کا کہنا ہے کہ میں الیکشن میں امیدوارہوں اورقانونی طور پرایک امیدواربغیرفیس ماسک کے رائے دہندگان کے شناختی کارڈ کی جانچ کرنے کا پورا حق رکھتا ہے۔ میں کوئی مرد نہیں ہوں، میں ایک خاتون ہوں اور میں نے ان خواتین سے پوری عاجزی کے ساتھ ان کی شناخت بتانے کی اپیل کی تھی۔ مادھوی لتا کا کہنا ہے کہ میں نے ان سے کہا تھا کہ کیا میں پلیز آپ کا آئی ڈی کارڈ دیکھ سکتی ہوں؟ مادھوی لتا نے کہا کہ اگرکوئی اس بات کو بڑا موضوع بنانا چاہتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ ڈرے ہوئے ہیں۔
اسدالدین اویسی کے خلاف مادھوی لتا آزما رہی ہیں قسمت
آپ کوبتادیں کہ تلنگانہ کے حیدرآباد میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) امیدواراسدالدین اویسی اوربی جے پی امیدوارمادھوی لتا کے درمیان مقابلہ ہے۔ مادھوی لتا پرالزام ہے کہ جب وہ اپنے انتخابی حلقے میں ووٹنگ مراکزکے دورے پرگئیں توانہوں نے ایک مسلم خواتین کا برقع ہٹواکرچیک کیا۔ ساتھ ہی ساتھ ان کا ووٹرآئی ڈی کارڈ اورآدھارکارڈ دیکھا۔ اس کی وجہ سے مادھوی لتا ایک بارپھرسرخیوں میں ہیں۔